ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ سعودی عرب، ترکیہ، پاکستان کے درمیان دفاعی معاہدہ ایران کے لیے خطرہ نہیں۔
پریس کانفرنس کے دوران اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ خلیجی ممالک ایران کے خلاف حملوں کے لیے امریکا کو اپنی سرزمین استعمال نہ کرنے دیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ خطے کے ممالک سمجھ چکے ہیں سیکیورٹی ایسی چیز نہیں جسے جعلی ثالثوں سے خریدا جاسکے، خطے کے ممالک بیرونی عناصر کے بغیر باہمی اعتماد اور سلامتی مضبوط بنائیں۔
اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ عبوری معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری رہنے تک امریکا کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں ہوگی، کسی تیسرے فریق کی مداخلت نہ ہو تو آبنائے ہرمز کھل سکتی ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ عمان کے ساتھ معاہدہ آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے تحفظ کا ضامن نہیں، آبنائے ہرمز کے معاملے پر عمان کے ساتھ معاہدے میں امریکا شامل نہیں جبکہ مشرق وسطیٰ میں عدم سلامتی کا سبب امریکا ہے۔

