سوراب: ضلع سوراب کے علاقہ نغاڑ میں قومی شاہراہ پر دو ٹوڈی گاڑیوں کے درمیان آمنے سامنے تصادم کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 4 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک گاڑی کوئٹہ سے کراچی جا رہی تھی جبکہ دوسری کراچی سے کوئٹہ آ رہی تھی، دونوں گاڑیوں کے درمیان آمنے سامنے ٹکر کے باعث یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔ جاں بحق افراد میں طلحہ ولد حاجی صادق قوم ساسولی عمر 25 سال سکنہ کوئٹہ، حبیب شاہ ولد شعیب احمد شاہ عمر 22 سال سکنہ نوشکی، محی الدین ولد محمد حلیم، عمر 60 سال سکنہ پشین شامل ہیں، اور زخمیوں میں سراج احمد ولد عبدالحی قوم شاہوانی عمر 28 سال سکنہ کوئٹہ (حالت تشویشناک)، انعام اللہ ولد خلیل احمد قوم دہوار سکنہ کوئٹہ، جاوید اقبال ولد عبدالستار قوم شاہوانی عمر 38 سال سکنہ کوئٹہ، سیف اللہ ولد حاجی اختر محمد عمر 45 سال سکنہ پشین شامل ہیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی سوراب پولیس اور مقامی افراد فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ٹریفک کی روانی بحال کردی اور امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا، جبکہ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ جاں بحق افراد کی لاشیں ضروری قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔ پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

