کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مالی سال 2026-27 کے مجوزہ بجٹ دستاویزات کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ نئے مالی سال 2026-27 کے بجٹ کا مجموعی حجم 1089 ارب روپے تجویز کیا گیا ہے، جبکہ صوبائی ترقیاتی پروگرام (PSDP) کے لیے 206 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ان میں 106 ارب روپے نئی ترقیاتی اسکیموں اور 100 ارب روپے جاری منصوبوں کے لیے رکھے گئے ہیں۔
کابینہ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ غیر ترقیاتی اخراجات کے لیے 797 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ وفاقی فنڈڈ منصوبوں کی مد میں 45 ارب روپے اور فارن پراجیکٹ اسسٹنس کے تحت 40 ارب روپے ترقیاتی پروگرام کے علاوہ دستیاب ہوں گے۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی آمدنی میں نمایاں اضافہ کرتے ہوئے اسے 170 ارب روپے تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ آٹومیشن کے ذریعے بجٹ تشکیل دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ گزشتہ دو سال کے دوران 6 ہزار ترقیاتی اسکیمیں مکمل کی گئی ہیں۔ ان کے مطابق بجٹ میں تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر، امن و امان اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر وسائل مختص کیے گئے ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے اس امید کا اظہار کیا کہ مالی سال 2026-27 کا بجٹ بلوچستان کی پائیدار ترقی، مالی استحکام اور عوامی خوشحالی کی جانب ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

