خاران بازار کے علاقے قلعہ چوک پر مدینہ ٹاؤن کے علاقہ مکینوں نے محلے میں ٹرانسفارمر کی عدم فراہمی اور شدید گرمی میں بجلی کی بندش کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین نے ٹائر جلا کر مرکزی سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا۔
احتجاج کرنے والے شہریوں کا کہنا تھا کہ شدید گرمی کے باوجود کئی روز سے علاقے میں بجلی دستیاب نہیں، جس کے باعث بچے، خواتین اور بیمار افراد شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ مظاہرین نے صوبائی وزیر و رکنِ اسمبلی میر شعیب نوشیروانی اور متعلقہ محکمے سے فوری نوٹس لینے اور ٹرانسفارمر کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔
علاقہ مکینوں نے کہا کہ خاران ٹاؤن کے عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، جو عوام کے ساتھ ناانصافی اور زیادتی کے مترادف ہے۔
بعدازاں خاران پولیس کے ایس ایچ او نے مظاہرین سے مذاکرات کیے اور مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی، جس کے بعد احتجاج ختم کرکے سڑک کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔

