کوئٹہ میں ریلویز پولیس نے بذریعہ ٹرین ایرانی کرنسی کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
پولیس کے مطابق ریلوے اسٹیشن کوئٹہ پر دوران چیکنگ ایس ایچ او محمد شہباز نے کارروائی کرتے ہوئے ایک مسافر کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
ملزم کے قبضے سے ایک ارب 70 کروڑ روپے مالیت کی ایرانی کرنسی برآمد ہوئی، جسے کھجور کے ڈبوں میں مہارت سے چھپا کر رکھا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق ملزم جعفر ایکسپریس کے ذریعے یہ کرنسی کوئٹہ سے لاہور اسمگل کرنا چاہتا تھا۔
آئی جی ریلویز پولیس محمد وصال فخر سلطان نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے تعریفی اسناد اور کیش ایوارڈ کا اعلان کیا ہے۔
آئی جی ریلویز پولیس کا کہنا ہے کہ بذریعہ ٹرین کسی بھی قسم کی اسمگلنگ ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور اس کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔

