ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا ہےکہ مسلسل اصلاحات اور مضبوط ذخائرپاکستان کے معاشی منظر نامےکو سہارا دے رہے ہیں۔
ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کی معاشی صورتحال پررپورٹ جاری کردی جس میں پاکستان کی معاشی شرح نمو رواں مالی سال 2027 میں 3.7 فیصد رہنے کی پیشگوئی برقرار رکھی ہے جو حکومت کے 4 فیصد بجٹ ہدف سے کم ہے۔
رپورٹ کے مطابق مسلسل اصلاحات اور مضبوط ذخائرپاکستان کے معاشی منظر نامےکو سہارا دے رہے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ مالی سال میں پاکستان کی معاشی کارکردگی میں مسلسل بہتری آئی، پاکستان کی شرح نمو مالی سال 2025 کے 3.2 فیصد سےبڑھ کر 3.7 فیصد ہوگئی، یہ اضافہ وسیع البنیاد تھا جب کہ خدمات اور مینوفیکچرنگ میں بحالی اور زراعت میں بہتری ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق مشرقِ وسطیٰ کے تنازع نے مالی سال کی آخری سہ ماہی میں معاشی سرگرمی کو سست کر دیا، اس کے علاوہ 2027 میں خود مختار کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری سےنجی سرمایہ کاری بڑھنےکی توقع ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ مہنگی توانائی اور بیرونی غیریقینی صورتحال شرح نمومیں تیزی کو محدودکرسکتے ہیں، پاکستان کی معیشت نےگزشتہ 2 برسوں میں معاشی استحکام کو مضبوط بنانے میں پیشرفت کی، اصلاحات کو برقرار رکھنا اور نجی سرمایہ کاری کو فروغ دیناجامع شرح نمو کے لیے اہم ہیں۔
مالی سال 2026 میں نمو کو مینوفیکچرنگ اور خدمات کے شعبوں میں توسیع سے تقویت ملی، سیلاب کے باوجود زراعت کے شعبے میں 2.9 فیصد اضافہ ہوا، شرح سود میں کمی اور بہتر کاروباری اعتماد کےباعث نجی سرمایہ کاری میں 8.6 فیصد اضافہ ہوا، مالی سال 2026 کے دوران مالیاتی استحکام کا عمل جاری رہا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ مجموعی بین الاقوامی زرِمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا جس نے بیرونی مزاحمت کومضبوط کیا۔

