اوستہ محمد : صوبائی پارلیمانی سیکرٹری ایکسائز و ٹیکنیشن حاجی محمد خان لہڑی نے یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا وہ عظیم دن ہے جب پاک فوج کے بہادر جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے مادرِ وطن کے دفاع کی تاریخ رقم کی اور دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ شہداءاور غازیوں کی جرات بہادری اور قربانیاں پوری قوم کیلئے باعثِ فخر ہیں۔انہوں نے کہا کہ یومِ دفاع ہمیں اپنے ان عظیم سپوتوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے وطن عزیز کی سلامتی آزادی اور خودمختاری کیلئے اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ قوم اپنے شہداءکو خراجِ عقیدت اور غازیوں کو سلام پیش کرتی ہے جبکہ شہداءکے اہلخانہ کی قربانیاں بھی پوری قوم کیلئے قابلِ احترام ہیں۔حاجی محمد خان لہڑی نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی قوت کا اصل سرچشمہ ہماری بہادر افواج کے ساتھ ساتھ 25 کروڑ عوام کا اتحاد یکجہتی اور حب الوطنی ہے۔ آج بھی پاکستانی قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک کی سلامتی و خودمختاری کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں پاکستان کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے قومی اتحاد اور سیاسی و معاشرتی ہم آہنگی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ہمیں اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے پاکستان کی ترقی، خوشحالی، استحکام اور امن کیلئے متحد ہوکر کردار ادا کرنا ہوگا۔صوبائی پارلیمانی سیکرٹری نے مزید کہا کہ یومِ دفاع صرف جنگی کارناموں کو یاد کرنے کا دن نہیں بلکہ یہ تجدیدِ عہد کا دن بھی ہے کہ ہم اپنے وطن کی تعمیر و ترقی امن و استحکام اور خوشحالی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ ہمیں نئی نسل کو شہداءاور غازیوں کی قربانیوں حب الوطنی اور قومی ذمہ داریوں سے آگاہ کرنا ہوگا تاکہ پاکستان کا مستقبل مزید مضبوط اور روشن بنایا جاسکے۔حاجی محمد خان لہڑی نے کہا کہ پاکستان ایک مضبوط خودمختار اور ناقابلِ تسخیر ریاست ہے، ہماری مسلح افواج ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ 6 ستمبر کے موقع پر ہم عہد کرتے ہیں کہ وطن عزیز کی سلامتی، آزادی اور خودمختاری کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا اور شہداءکے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے پاکستان کو ایک ترقی یافتہ، خوشحال اور مستحکم ملک بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔

