تحریر: صابر مینگل
کسی خاتون کے لیے تشدد کے خلاف آواز اٹھانا شاید چند لمحوں کا فیصلہ ہو، لیکن اس فیصلے کے بعد انصاف تک پہنچنے کا سفر مہینوں اور بعض اوقات برسوں پر محیط ہو سکتا ہے۔
سوال یہ نہیں کہ بلوچستان میں خواتین کی مدد کے لیے ہیلپ لائن موجود ہے یا نہیں، اصل سوال یہ ہے کہ مدد کے لیے کی جانے والی ایک فون کال کے بعد متاثرہ خاتون کو تحفظ، قانونی معاونت اور انصاف کس حد تک میسر آتا ہے؟
اگر ایک خاتون ہیلپ لائن پر کال کرتی ہے، اپنی شکایت درج کرواتی ہے اور اپنی تکلیف بیان کرتی ہے تو اس کے بعد کیا ہوتا ہے؟ کیا متعلقہ ادارہ فوری طور پر اس سے رابطہ کرتا ہے؟ کیا اسے تشدد کرنے والے شخص سے تحفظ فراہم کیا جاتا ہے؟ کیا اسے قانونی معاونت، محفوظ رہائش اور نفسیاتی مشاورت ملتی ہے؟ اور سب سے بڑھ کر یہ کہ کیا اس کی شکایت کسی عملی نتیجے تک پہنچتی ہے؟
یہ وہ بنیادی سوالات ہیں جن کے جوابات کے بغیر خواتین کے تحفظ کے نظام کی کامیابی کا تعین ممکن نہیں۔
بلوچستان میں خواتین کے خلاف تشدد کا بڑا حصہ آج بھی گھروں کی چار دیواری میں پوشیدہ رہتا ہے۔ کہیں اسے خاندانی معاملہ قرار دے کر نظرانداز کر دیا جاتا ہے تو کہیں معاشی انحصار متاثرہ خاتون کو خاموش رہنے پر مجبور کرتا ہے۔ سماجی دباؤ بدنامی کا خوف اور قانونی کارروائی کے ممکنہ نتائج بھی خواتین کو اپنی شکایت واپس لینے یا آواز اٹھانے سے روک سکتے ہیں۔
یوں تشدد کا شکار خاتون کو صرف تشدد ہی نہیں سہنا پڑتا بلکہ انصاف کے حصول کی راہ میں حائل رکاوٹوں کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔
اعدادوشمار کیا بتاتے ہیں؟
سسٹین ایبل سوشل ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (SSDO) کی رپورٹ District Analysis of Gender-Based Violence 2024 کے مطابق بلوچستان میں 2024 کے دوران گھریلو تشدد کے 160، اغوا اور گمشدگی کے 185، غیرت کے نام پر قتل کے 32 اور ریپ کے 21 واقعات رپورٹ ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق ان واقعات میں سزا کے حوالے سے بھی تشویش ناک صورتِ حال سامنے آئی۔ غیرت کے نام پر قتل کے 32 واقعات میں ایک سزا ریکارڈ ہوئی، گھریلو تشدد کے 160 واقعات میں 25 سزائیں ہوئیں، جبکہ ریپ اور اغوا کے درج شدہ مقدمات میں کوئی سزا رپورٹ نہیں ہوئی۔
یہ اعدادوشمار صوبے میں خواتین کو درپیش تشدد اور نظامِ انصاف کی کارکردگی کے حوالے سے اہم سوالات اٹھاتے ہیں۔
تاہم ان اعدادوشمار کو مجموعی واقعات کی مکمل تعداد نہیں سمجھنا چاہیے۔ گھریلو دباو¿، بدنامی کا خوف، معاشی محتاجی اور قانونی پیچیدگیوں کے باعث بہت سے واقعات رپورٹ ہی نہیں ہو پاتے۔ اس لیے سرکاری و غیر سرکاری ریکارڈ میں درج اعدادوشمار کو مسئلے کی مکمل تصویر کے بجائے اس کے ایک نمایاں حصے کے طور پر دیکھنا ضروری ہے۔
ہیلپ لائن 1089: شکایت سے انصاف تک کا سفر کہاں رکتا ہے؟
بلوچستان میں خواتین کے لیے قائم ہیلپ لائن 1089 تشدد، ہراسانی اور دیگر مسائل سے متعلق شکایات کے اندراج اور متعلقہ اداروں تک رسائی کا ایک اہم ذریعہ ہے۔
بلوچستان جینڈر پیریٹی رپورٹ 2024 کے مطابق اس ہیلپ لائن کو 2022 میں 344 جبکہ 2023 میں 894 شکایات موصول ہوئیں۔ ان شکایات میں جسمانی و زبانی تشدد، گھریلو تشدد، ہراسانی، سائبر کرائم، وراثتی تنازعات، محفوظ رہائش اور نفسیاتی معاونت جیسے معاملات شامل تھے۔
دو سال کے دوران شکایات کی تعداد میں تقریباً 160 فیصد اضافہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ خواتین اپنے مسائل کے اظہار اور مدد کے حصول کے لیے دستیاب ذرائع سے رجوع کر رہی ہیں۔
لیکن اسی رپورٹ میں ایک اہم کمی بھی سامنے آتی ہے۔ ہیلپ لائن کی فراہم کردہ معلومات میں شکایات کے حتمی نتائج، ضلع، عمر اور دیگر تفصیلات کا مکمل ریکارڈ موجود نہیں تھا۔
اس کا مطلب ہے کہ عوامی سطح پر یہ جاننا ممکن نہیں کہ 894 شکایات میں سے کتنی خواتین کو فوری تحفظ ملا، کتنے معاملات قانونی کارروائی تک پہنچے اور کتنی خواتین کو مستقل ریلیف فراہم کیا گیا۔
یہاں اصل سوال پیدا ہوتا ہے کہ اگر شکایت درج ہونے کے بعد اس کے نتیجے کا ریکارڈ ہی دستیاب نہ ہو تو نظام کی کامیابی یا ناکامی کا جائزہ کیسے لیا جائے؟
پہلا انٹرویو
: ہیلپ لائن 1089 پر کال کے بعد کیا ہوتا ہے؟
ہیلپ لائن 1089 کے نظام اور اس کے عملی طریقہ کار کو سمجھنے کے لیے ہیلپ لائن سے وابستہ ماہرِ نفسیات ماہنور مصطفیٰ نے اپنے تجربات بیان کیے۔ماہنور مصطفیٰ کے مطابق ہیلپ لائن 1089 نے بلوچستان سے 300 سے زائد مختلف نوعیت کے کیسز پر کام کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے نظرانداز ہونے والے مسائل اب مناسب طریقے سے متعلقہ اداروں تک پہنچائے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ہیلپ لائن پر موصول ہونے والی شکایات متعلقہ محکموں کو بھیجی جاتی ہیں۔ مثال کے طور پر مالی مسائل سے متعلق کیسز بیت المال، سائبر کرائم کے معاملات ایف آئی اے، ذہنی صحت سے متعلق شکایات ماہرینِ نفسیات اور تشدد کے معاملات قانونی ماہرین جبکہ طبی مسائل سول ہسپتال کو بھجوائے جاتے ہیں۔
ماہنور مصطفیٰ کی رائے سے واضح ہوتا ہے کہ ہیلپ لائن کا کردار صرف شکایت وصول کرنے تک محدود نہیں بلکہ متاثرہ خواتین کو متعلقہ اداروں تک پہنچانا بھی اس کے طریقہ کار کا حصہ ہے۔
تاہم اس حوالے سے ایک اہم سوال اپنی جگہ موجود ہے کہ متعلقہ ادارے کو شکایت بھیجنے کے بعد اس کی پیروی کون کرتا ہے؟ کیا متاثرہ خاتون سے دوبارہ رابطہ کرکے معلوم کیا جاتا ہے کہ اسے مدد ملی یا نہیں؟ اور اگر متعلقہ ادارہ کارروائی نہ کرے تو کیا ہیلپ لائن اس معاملے کو دوبارہ اٹھاتی ہے؟
یہی وہ مرحلہ ہے جہاں شکایت درج ہونے اور حقیقی انصاف ملنے کے درمیان فرق واضح ہوتا ہے۔
دوسرا انٹرویو
: قانونی معاونت کے بغیر انصاف کیسے ممکن ہے؟
خواتین کے لیے انصاف کے حصول میں قانونی معاونت کی اہمیت کو سمجھنے کے لیے
ایک خصوصی گفتگو بھی قابلِ ذکر ہے، جس میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والی ایڈووکیٹ غزالہ یاسمین نے اپنے تجربات بیان کیے۔
غزالہ یاسمین نے بتایا کہ ان کے وکیل بننے کا فیصلہ اس وقت پختہ ہوا جب ان کے خاندان کو ان کی بڑی بہن کے قتل کے مقدمے میں انصاف حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ان کے مطابق اس ذاتی تجربے نے انہیں یہ احساس دلایا کہ قانونی معاونت سے محروم افراد کس قدر بے بسی کا شکار ہوتے ہیں۔ اسی لیے انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ دوسرے لوگوں کو وہ قانونی مدد فراہم کریں گی جس سے ان کا اپنا خاندان محروم رہا تھا۔
غزالہ یاسمین نے ایک ایسے کیس کا بھی ذکر کیا جس میں گھریلو تشدد کا شکار ایک خاتون خلع اور بچوں کی تحویل حاصل کرنے کے لیے قانونی مشکلات کا سامنا کر رہی تھی۔ مفت قانونی معاونت فراہم کرتے ہوئے انہوں نے اس خاتون کو خلع اور بچوں کی تحویل حاصل کرنے میں مدد دی۔
اس کیس کے حوالے سے غزالہ یاسمین نے واضح کیا کہ تشدد سے بھرپور گھریلو ماحول سے نکلنے کے لیے خواتین کا معاشی طور پر خودمختار ہونا انتہائی ضروری ہے۔ ان کے مطابق خواتین اور بچیوں کے خلاف تشدد کا خاتمہ معاشی خودمختاری کے بغیر ممکن نہیں۔
اس خاتون نے بعد ازاں کوئٹہ کے دو اسکولوں کو کھانا فراہم کرنے کا کاروبار شروع کیا اور اپنے بچوں کی کفالت کرتے ہوئے نسبتاً محفوظ زندگی کی طرف قدم بڑھایا۔
یہ مثال اس حقیقت کو اجاگر کرتی ہے کہ متاثرہ خاتون کو صرف تشدد سے بچانا کافی نہیں، بلکہ اسے قانونی مدد، معاشی مواقع اور اپنی زندگی دوبارہ شروع کرنے کے لیے عملی سہولیات فراہم کرنا بھی ضروری ہے۔
قانونی کارروائی کا فیصلہ اور مشکلات
تشدد کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کرنے والی خاتون کو عموماً ایک سے زیادہ محاذوں پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
پولیس سے رجوع کرنا، میڈیکل معائنہ کروانا، قانونی معاونت حاصل کرنا اور عدالتی کارروائی میں پیش ہونا وقت، وسائل اور مسلسل ذہنی حوصلے کا تقاضا کرتا ہے۔
مالی طور پر شوہر یا خاندان پر انحصار کرنے والی خواتین کے لیے یہ فیصلہ مزید مشکل ہو جاتا ہے۔ انہیں صرف اپنے تحفظ کی فکر نہیں ہوتی بلکہ رہائش، بچوں کی کفالت اور مستقبل کے اخراجات بھی پریشان کرتے ہیں۔
دوسری طرف دور دراز علاقوں میں رہنے والی خواتین کے لیے پولیس اسٹیشن، عدالت یا متعلقہ سرکاری دفتر تک پہنچنا بھی ایک بڑی رکاوٹ بن سکتا ہے۔
ایسے حالات میں اگر اداروں کے درمیان رابطہ موثر نہ ہو یا متاثرہ خاتون کو ہر مرحلے پر خود ہی اپنی شکایت کی پیروی کرنا پڑے تو انصاف کا عمل مزید دشوار ہو جاتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ شکایت وصول کرنے کے ساتھ اس کی پیروی اور نتیجے تک نگرانی کا نظام بھی ضروری ہے۔
محفوظ پناہ گاہ کافی نہیں، باوقار زندگی بھی ضروری ہے
تشدد سے متاثرہ خواتین کے لیے دارالامان اور محفوظ رہائش کے مراکز ناگزیر اہمیت رکھتے ہیں، لیکن تحفظ کا تصور صرف عارضی پناہ فراہم کرنے تک محدود نہیں ہونا چاہیے۔
کیونکہ اگر ایک خاتون تشدد سے بچ کر محفوظ مقام پر پہنچ بھی جائے تو اس کے سامنے زندگی دوبارہ شروع کرنے کے کئی سوالات موجود رہتے ہیں۔
وہ اپنے بچوں کی تعلیم کیسے جاری رکھے گی؟ روزگار کہاں سے حاصل کرے گی؟ قانونی مقدمے کی پیروی کے اخراجات کیسے برداشت کرے گی؟ اور محفوظ رہائش سے نکلنے کے بعد اس کا مستقبل کیا ہوگا؟
ان سوالات کا جواب ایک جامع بحالی کے نظام میں پوشیدہ ہے، جس میں مفت قانونی معاونت، طبی سہولیات، نفسیاتی مشاورت، بچوں کی تعلیم، ہنرمندی اور روزگار کے مواقع شامل ہوں۔
بصورت دیگر عارضی تحفظ خاتون کو فوری خطرے سے تو بچا سکتا ہے لیکن اسے خودمختار اور محفوظ زندگی کی ضمانت نہیں دے سکتا۔
قوانین موجود، مگر عمل درآمد کتنا موئثر ہے؟
پاکستان کا آئین تمام شہریوں کو مساوی قانونی تحفظ اور انسانی وقار کا حق دیتا ہے۔ خواتین کے خلاف تشدد کی روک تھام کے لیے قانونی و ادارہ جاتی اقدامات بھی موجود ہیں، لیکن قانون کی اصل افادیت اس وقت سامنے آتی ہے جب اس پر موثر عمل درآمد ہو اور متاثرہ خاتون بلاامتیاز اس سے فائدہ اٹھا سکے۔
اس سلسلے میں بلوچستان پولیس، محکمہ ترقیِ نسواں، محکمہ سماجی بہبود، بلوچستان کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن، قانونی معاونت فراہم کرنے والے اداروں اور سول سوسائٹی کے درمیان مربوط حکمت عملی ضروری ہے۔
شکایت کے اندراج سے لے کر تحفظ، قانونی کارروائی اور بحالی تک ہر مرحلے کی ذمہ داری واضح ہونی چاہیے۔
اس کے ساتھ اداروں کو شکایات کے نتائج سے متعلق شفاف اعدادوشمار بھی جاری کرنے چاہئیں تاکہ معلوم ہو سکے کہ کتنے کیسز پر کارروائی ہوئی، کتنے متاثرین کو تحفظ ملا اور کن معاملات میں مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔
شکایات کی تعداد بتانا کافی نہیں، ان کے حل کا ریکارڈ بھی عوام کے سامنے آنا چاہیے۔
خاموشی توڑنے میں میڈیا کی ذمہ داری
خواتین کے خلاف تشدد کی رپورٹنگ محض واقعات کی خبر دینے تک محدود نہیں ہونی چاہیے۔ میڈیا کو ان واقعات کے پس منظر، متاثرہ خواتین کو درپیش مشکلات اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لینا چاہیے۔
تاہم اس دوران متاثرہ خواتین کی شناخت، عزتِ نفس اور نجی زندگی کا تحفظ بنیادی اصول ہونا چاہیے۔ سنسنی خیزی، غیر ضروری تفصیلات اور متاثرہ خاتون کو موردِ الزام ٹھہرانے والے رویے مسئلے کے حل کے بجائے مزید نقصان کا باعث بنتے ہیں۔
صحافت کا حقیقی کردار یہ ہے کہ وہ ان آوازوں کو جگہ دے جنہیں سماجی دباؤ اور ادارہ جاتی کمزوریوں کے باعث اکثر سنا نہیں جاتا اور متعلقہ حکام سے ان کی ذمہ داریوں کے بارے میں جواب طلب کرے۔
انصاف کا معیار ایک فون کال نہیں، اس کا نتیجہ ہے
بلوچستان میں خواتین کے تحفظ کی کامیابی کا تعین ہیلپ لائنز، قوانین اور سرکاری اداروں کی موجودگی سے نہیں بلکہ ان کے عملی نتائج سے ہونا چاہیے۔
ایک موثر نظام وہی ہے جہاں تشدد کا شکار خاتون بلاخوف شکایت درج کرا سکے، اسے فوری تحفظ اور قانونی معاونت ملے، اس کے مقدمے کی منصفانہ پیروی ہو اور وہ معاشی و سماجی طور پر باوقار زندگی گزارنے کے قابل ہو۔
ہیلپ لائن 1089 پر موصول ہونے والی ہر شکایت محض ایک اندراج نہیں بلکہ ممکنہ طور پر کسی خاتون کی مدد کے لیے آخری امید بھی ہو سکتی ہے۔
اس لیے ضروری ہے کہ ہر شکایت کو سنجیدگی سے لیا جائے، اس پر بروقت کارروائی ہو اور اس کے نتیجے کی نگرانی کی جائے۔
حکومتِ بلوچستان اور متعلقہ اداروں کو چاہیے کہ ہیلپ لائن 1089 کی سالانہ کارکردگی رپورٹ عوام کے سامنے پیش کریں، جس میں موصول ہونے والی شکایات، ان پر ہونے والی کارروائی، فراہم کردہ قانونی و طبی معاونت، محفوظ رہائش اور حل ہونے والے مقدمات کی تفصیلات شامل ہوں۔ اس کے ساتھ متاثرہ خواتین کی شناخت اور نجی معلومات کا تحفظ بھی یقینی بنایا جائے۔
آخرکار سوال یہ نہیں کہ بلوچستان میں تشدد کا شکار خواتین کے لیے مدد کا نمبر موجود ہے یا نہیں، سوال یہ ہے کہ اس نمبر پر کال کرنے والی خاتون جب فون بند کرتی ہے تو کیا وہ پہلے سے زیادہ محفوظ، پراعتماد اور انصاف کے قریب ہوتی ہے؟
کیونکہ ایک فون کال مدد کی ابتدا تو ہو سکتی ہے، لیکن انصاف کی منزل نہیں۔ جب تک اس کال کے بعد متاثرہ خاتون کو عملی تحفظ، قانونی معاونت اور باوقار زندگی نہیں ملتی، خواتین کے تحفظ کا نظام اپنی اصل منزل تک نہیں پہنچ سکتا۔

