حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفت کو دشمنی میں نہیں بدلنا چاہیے، ن لیگ نے ہمیشہ مخالفین سے اچھا سلوک کیا، آزاد کشمیر انتخابات میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو مبارک باد دیتا ہوں۔
مری میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب میں نواز شریف نے کہا کہ ن لیگ نے ہمیشہ مخالفین سے اچھا سلوک کیا، آزاد کشمیر کو زیادہ سے زیادہ فنڈز دینے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے اچھے امیدواروں کی شکست کے عوامل کو بھی دیکھنا ہوگا۔
نواز شریف نے مزید کہا کہ انتخابات کے 2 مرحلوں میں ن لیگ کو کامیابی ملی، عوام نے ایک بار پھر ن لیگ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، اگر ن لیگ نے ڈلیور نہیں کیا تو یہاں کے لوگ ناراض ہوں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں سڑکیں اور اسپتال بننے چاہئیں، اے جے کے کا بچہ بھی چاہتا ہے کہ اس کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ ہو، ملک آگے بڑھ رہا ہے، شہباز شریف کی محنت رنگ لا رہی ہے۔

