کوئٹہ: صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے مستونگ میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سیشن جج اور ان کے گن مین کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ قانون کے محافظوں پر حملہ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کی ناکام کوشش ہے اور اس میں ملوث دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے آئی جی پولیس بلوچستان اور کمشنر سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ شہداء کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور امن و امان خراب کرنے والے عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی جاری رہے گی۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور امن دشمن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔

