ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ اینٹی نارکوٹکس محمد زمان نے منشیات کے خاتمے کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی منشیات کی لعنت کے خاتمے کے لیے متعلقہ ادارے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، چیف سیکریٹری شکیل قادر خان اور سیکریٹری ایکسائز سید ظفر علی بخاری کی خصوصی ہدایات پر محکمہ ایکسائز نے گزشتہ سال مختلف کارروائیوں کے دوران برآمد کی گئی منشیات اور غیر ملکی شراب کی بھاری مقدار کو آج تلف کر دیا۔
ڈی جی ایکسائز کے مطابق تلف کیے گئے سامان میں 18 ہزار غیر ملکی شراب کی بوتلیں، 200 کلوگرام آئس (میتھ ایمفیٹامین) اور 600 کلوگرام چرس شامل ہے، جس کی عالمی مارکیٹ میں مجموعی مالیت تقریباً 28 ارب روپے بنتی ہے۔
محمد زمان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے کی نوجوان نسل کو منشیات کے زہر سے محفوظ رکھنے کے لیے محکمہ ایکسائز اینڈ اینٹی نارکوٹکس بلوچستان کی کارکردگی کو مزید فعال اور مؤثر بنایا جائے گا۔

