قلات: بلوچستان کے ضلع قلات سے ایک ماہ قبل اغوا ہونے والے ایئرپورٹس سکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد وسیم احمد کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق 58 سالہ محمد وسیم احمد کا تعلق کراچی سے تھا۔ انہیں 20 مئی کو اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ قلات کے علاقے محمد تاوا سے نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کر لیا تھا، جب وہ کوئٹہ سے کراچی جا رہے تھے۔
پولیس کے مطابق محمد وسیم احمد اور ان کے ساتھی ایک نجی گاڑی میں سفر کر رہے تھے، جس میں دو ڈرائیور بھی موجود تھے۔ راستے میں گاڑی قلات کے علاقے محمد تاوا میں واقع چیری کے باغات کی جانب گئی، جہاں سے چیری خرید کر کراچی منتقل کی جانی تھی۔
محمد تاوا پہنچنے پر نامعلوم مسلح افراد نے گاڑی کو روک لیا اور شناخت کے بعد محمد وسیم احمد اور ان کے ساتھی کو اپنے ساتھ لے گئے، جبکہ دونوں ڈرائیوروں اور گاڑی کو چھوڑ دیا گیا۔ بعد ازاں ڈرائیوروں نے واقعے کی اطلاع صدر پولیس اسٹیشن قلات میں دی، جس پر سی ٹی ڈی تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا۔
مغوی افسر اور ان کے ساتھی کی بازیابی کے لیے پولیس، محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی)، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سرچ آپریشن شروع کیا، تاہم کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔
ایس پی قلات زاہد حسین کے مطابق محمد وسیم احمد کی لاش کوئٹہ-کراچی قومی شاہراہ سے تقریباً دو کلومیٹر مشرق میں ایک ویران علاقے سے ملی۔ لاش پر تشدد کے گہرے نشانات موجود تھے۔
پولیس نے لاش کو ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتال قلات منتقل کیا، جہاں ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد میت کو کراچی روانہ کر دیا گیا۔

