وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے بنوں واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم لوگوں کو شہید کرنا انتہائی افسوسناک ہے، وقت آ گیا ہے کہ ہم سب مل کر دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن اور آخری جنگ لڑیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ ایک سال کے دوران عالمی سطح پر بہت بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے پیچھے براہِ راست بھارت اور افغانستان ملوث ہیں۔ عالمی محاذ پر شکست کھانے کے بعد اب افغانستان بھی بھارت کے ساتھ مل کر پاکستان میں دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے۔ دہشتگردوں کے خلاف سخت ترین کارروائی ہوگی۔
وزیر دفاع نے کہا کہ آزاد کشمیر میں امن تباہ کرنے کی بھارتی کوششیں بھی ناکام ہوں گی ۔ وہاں کچھ ایسے عناصر سرگرم ہیں جو بھارتی ایما پر شہداء کی قربانیوں کو بھلا رہے ہیں۔ خواجہ آصف نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہاں بھارتی ظلم و ستم جاری ہے۔ کشمیری قیادت کو جیلوں میں بند کیا گیا ہے۔ جس کے بھی تانے بانے بھارت سے ملیں ہمیں اس کےخلاف فیصلہ کن جنگ لڑنا ہوگی۔

