کوئٹہ کے سول ہسپتال میں دورانِ ڈیوٹی ایک خاتون ڈاکٹر پر تیزاب پھینکنے کا انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جس کے بعد ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (وائی ڈی اے) بلوچستان نے خاتون ڈاکٹر پر تیزاب گردی کے اس سفاکانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اس سانحے کے بعد سول ہسپتال سمیت صوبے بھر کے ڈاکٹروں اور طبی عملے میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔
وائی ڈی اے نے اس واقعے کو سیکیورٹی کی کھلی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹروں کے تحفظ میں یہ غفلت کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہے۔ تنظیم نے حکومت، محکمہ صحت اور پولیس حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ خاتون ڈاکٹروں سمیت تمام طبی عملے کے تحفظ کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کا مطالبہ ہے کہ ملزمان کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے ان کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے حکومت اور متعلقہ اداروں کو انتباہ جاری کیا ہے کہ اگر 24 گھنٹوں کے اندر ملزمان کو گرفتار نہ کیا گیا تو صوبہ بھر میں تمام طبی سروسز کا مکمل بائیکاٹ کر دیا جائے گا۔ وائی ڈی اے نے واضح کیا ہے کہ ملزمان کی عدم گرفتاری کی صورت میں غیر معینہ مدت کے لیے ہڑتال کی جائے گی، جس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کی تمام تر ذمہ داری حکومت اور متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔

