کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آج شاہراہِ بھٹو کا افتتاح کریں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے مطابق یہ منصوبہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا وژن تھا جسے موجودہ صوبائی حکومت نے مکمل کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شاہراہِ بھٹو کراچی کے عوام کے لیے حکومت کا ایک اہم تحفہ ہے جو شہر کی ترقی میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ منصوبہ کراچی کی معاشی ترقی، جدید ٹرانسپورٹ اور شہری سہولتوں میں نمایاں بہتری لائے گا۔ ان کے مطابق شاہراہ سے شہریوں کے سفر کا وقت کم ہوگا، ایندھن کی بچت ہوگی اور ٹریفک کے مسائل میں کمی آئے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی سندھ کا معاشی مرکز ہے اور اس کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ شاہراہِ بھٹو کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ایک بڑا انفراسٹرکچر منصوبہ قرار دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق 39 کلومیٹر طویل یہ سڑک 40 ارب روپے سے زائد لاگت سے تعمیر کی گئی ہے اور اسے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے۔ منصوبے میں 6 جدید انٹرچینجز اور اسمارٹ ٹولنگ سسٹم بھی شامل ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ قیوم آباد سے ایم-9 موٹروے تک براہِ راست رسائی سے شہریوں کے سفری وقت میں واضح کمی آئے گی، جبکہ عظیم پورا فلائی اوور سے جناح ٹرمینل جانے والی ٹریفک کو بھی سہولت ملے گی۔
انہوں نے شاہراہِ بھٹو کو کراچی کی معاشی شہ رگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ بندرگاہ، صنعتی زونز اور اپ کنٹری ٹریفک کے لیے ایک اہم کوریڈور ثابت ہوگا۔

