کوئٹہ: حکومتِ بلوچستان کے معاونِ خصوصی برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے انکشاف کیا ہے کہ گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور پرو وائس چانسلر گزشتہ روز مستونگ کے قریب لاپتا ہوگئے ہیں۔
بابر یوسفزئی کے مطابق دونوں اعلیٰ تعلیمی افسران گوادر سے کوئٹہ سفر کر رہے تھے کہ مستونگ کے قریب ان سے رابطہ منقطع ہوگیا۔ انہوں نے بتایا کہ وائس چانسلر اور پرو وائس چانسلر کے موبائل فونز بھی بند ہیں، جس کے باعث ان کی لوکیشن ٹریس کرنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی ادارے اور ضلعی انتظامیہ مشترکہ طور پر دونوں افسران کی بازیابی کے لیے بھرپور کارروائیاں کر رہے ہیں، جبکہ مختلف پہلوؤں سے تحقیقات بھی جاری ہیں۔
بابر یوسفزئی کا کہنا تھا کہ متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں اور حکومتِ بلوچستان اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہی ہے۔

