کوئٹہ: دہشت گردوں کی معاونت کا الزام ، بولان میڈیکل کالج کوئٹہ کی طالبہ گرفتار، حکومت کی تصدیق:
بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کوئٹہ کی طالبہ کی گرفتاری کے حوالے سے حکومت بلوچستان نے تصدیق کی ہے کہ طالبہ پر دہشت گردوں کی معاونت اور سہولت کاری کے واضح شواہد پائے گئے ہیں۔ معاون برائے داخلہ حکومت بلوچستان، بابر یوسفزئی کے مطابق، ثبوت سامنے آنے کے بعد قانونی ضابطوں کے تحت کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔
حکومتی حکام نے واضح کیا ہے کہ مذکورہ طالبہ کو مروجہ قوانین کے مطابق انٹرنمنٹ و ڈیٹینشن سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے حکومت بلوچستان کی جانب سے حراست کے احکامات گزشتہ روز جاری کیے گئے تھے اور قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے طالبہ کے اہلِ خانہ کو بھی گرفتاری اور حراست سے باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔
حکومتی مؤقف کے مطابق تمام تر کارروائی قانون اور طے شدہ ایس او پیز کے مطابق مکمل کی گئی ہے اور معاملہ مکمل طور پر قانونی دائرہ کار میں نمٹایا جا رہا ہے۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اس حساس معاملے پر کسی بھی قسم کی غیر مصدقہ اطلاعات یا افواہیں پھیلانے سے گریز کیا جائے۔

