کوئٹہ:آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کے زیراہتمام پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیاجس میں اخباری اداروں، صحافیوں، ٹیکنیکل اسٹاف اور دیگر شعبہ جات سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان ایکشن کمیٹی مدثر ندیم نے کہا کہ بلوچستان حکومت کی جانب سے مقامی اخبارات کی بندش کی کوشش کی جا رہی ہے، جو نہ صرف اظہار رائے کی آزادی پر حملہ ہے بلکہ صوبے کی واحد فعال صنعت کو تباہی کے دہانے پر لے جا رہا ہے۔مدثر ندیم نے کہا کہ حکومتی اشتہارات کی بندش سے ہزاروں افراد کے بیروزگار ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقامی صحافی، اخبار فروش، خبر رساں ادارے، پرنٹنگ پریس، اور ٹیکنیکل اسٹاف سمیت دیگر متعلقہ شعبے اس حکومتی فیصلے سے براہ راست متاثر ہوں گے۔ایکشن کمیٹی نے واضح کیا کہ اگر حکومت نے اخباری صنعت پر شب خون مارنے کی کوشش کی تو بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اخباری صنعت کے حق میں اور حکومتی پالیسیوں کے خلاف نعرے درج تھے۔