کوئٹہ :بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر عطا اللہ لانگو نے وکلا رہنماوں کے ہمراہ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وکلا کے خلاف پولیس کے غیر سنجیدہ رویے، گھروں پر چھاپوں اور ہراسانی کے خلاف صوبہ بھر کی عدالتوں کا بائیکاٹ کیا گیا ہے۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر ہائی کورٹ بار عطا اللہ لانگو نے کہا کہ عدالتوں میں وکلا کے داخلے پر پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں اور پولیس وکلا کے گھروں پر چھاپے مار کر چادر و چار دیواری کی پامالی پر اتر آئی ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ پولیس نے اورنگزیب کاکڑ ایڈووکیٹ اور ایڈووکیٹ ریاض کے گھروں میں توڑ پھوڑ کی، سینیٹر کامران مرتضی کے گھر جا کر اہل خانہ کو ہراساں کیا اور وسیم جدون کے بیٹے کو زدوکوب کیا۔انہوں نے کہا کہ وکلا آئین اور قانون کے پاسبان ہیں، مگر پولیس اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ وکلا اور پولیس کا تعلق لازم و ملزوم ہے، لیکن اگر کالے کوٹ اور ٹائی کی عزت نہ کی گئی تو قانونی نظام متاثر ہوگا۔ انہوں نے آئی جی پولیس اور صوبائی حکومت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے وکلا کو تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت کی تاکہ معاملات مزید خرابی کی طرف نہ جائیں۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وکلا رہنما اورنگزیب کاکڑ اور قاری رحمت اللہ نے کہا کہ ہم ایک قبائلی معاشرے کا حصہ ہیں جہاں گھروں میں گھسنے اور روایات کی پامالی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے پولیس رویے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واضح کیا کہ آئندہ کے سخت لائحہ عمل کا جلد اعلان کیا جائے گا۔

