کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نوشکی، سبی، پنجگور اور کیچ میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گرد عناصر کے خلاف موثر کارروائیاں سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، مستعدی اور دہشت گردی کے خلاف غیر متزلزل عزم کا ثبوت ہیں۔ ایک بیان میں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف بروقت اور کامیاب کارروائیاں قومی سلامتی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی اداروں کی مسلسل کوششوں کی عکاس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں اور پیشہ ورانہ خدمات قابل تحسین ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا خاتمہ ریاست کا پختہ عزم ہے۔ دہشت گرد عناصر اپنے مذموم عزائم کے ذریعے صوبے میں امن، استحکام اور ترقی کے سفر کو متاثر نہیں کرسکتے۔ ریاستی ادارے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ آپریشن عزم استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف جاری اقدامات قومی سلامتی اور عوام کے تحفظ کے لیے ریاست کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔ اس جنگ میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ پوری قوم متحد ہے۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے میں پائیدار امن کے قیام، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ بلوچستان کے عوام کے محفوظ اور پرامن مستقبل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

