کوئٹہ :رکنِ بلوچستان اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا ہے کہ صوبے کے حکمران صرف اپنی ذات کو محفوظ رکھنا چاہتے ہیں جبکہ عام عوام کا کوئی پرسانِ حال نہیں، تاہم وہ سرداری نظام کی مخالفت جاری رکھیں گے اور اس کے خلاف مکمل دستاویزات کے ساتھ اسمبلی میں قرارداد پیش کریں گے۔کوئٹہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رکنِ صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے صوبے کی مجموعی صورتحال، بدامنی اور مہنگائی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہوں سے بسوں کو مسافروں سمیت اٹھا کر لے جایا جاتا ہے اور کوئی روکنے والا نہیں ہے، جبکہ اسمبلی میں قراردادیں تو پیش کی جاتی ہیں مگر زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔انہوں نے دوٹوک مقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ چاہے کوئی بھی ان کی مخالفت کرے وہ سرداری نظام کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے اور جلد مکمل دستاویزات کے ساتھ اس نظام کے خلاف قرارداد پیش کریں گے۔ مولانا ہدایت الرحمان کا کہنا تھا کہ مزاحمت کسی مسئلے کا حل نہیں بلکہ پرامن سیاسی جدوجہد وقت کا اہم تقاضا ہے، لہذا عوام کو خوف کے ماحول سے نکالنے کے لیے پرامن جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔رکنِ صوبائی اسمبلی نے آزادیِ اظہارِ رائے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قلم کو روکنے کے بجائے اسے فروغ دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ صوبے میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بدامنی کے خلاف 22 نومبر کو ایک بڑا جلسہ منعقد کیا جائے گا۔

