بدھ, نومبر 11, 2026
ہوماہم خبریںبلوچستان کی خبریںآئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر کا ضلع کیچ تربت کا اہم...

آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر کا ضلع کیچ تربت کا اہم دورہ، امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ

کوئٹہ:آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے ضلع کیچ (تربت)کا اہم دورہ کیا جہاں انہوں نے امن و امان کی مجموعی صورتحال سیکیورٹی اقدامات اور جرائم کی روک تھام کے لیے جاری حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ ڈی آئی جی پولیس مکران رینج شاد ابن مسیح، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز احمد گورایا اور ڈی پی او کیچ ذوہیب محسن کےعلاوہ دیگر متعلقہ پولیس افسران بھی موجود تھے۔ ڈی آئی جی پولیس شاد ابن مسیح نے مکران رینج اور ڈی پی او ذوہیب محسن نے ڈسٹرکٹ کیچ میں امن و امان کی موجودہ صورتحال عوامی تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات اور پولیس کی کارکردگی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ آئی جی پولیس بلوچستان کی آمد پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ بریفنگ کے دوران ضلع میں سیکیورٹی چیلنجز، جرائم کی روک تھام، انسدادِ منشیات مہم، گشت کے نظام، عوامی تحفظ اور جدید پولیسنگ کے فروغ کو یقینی بنانے کے لیے اختیار کی جانے والی مختلف حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دورے کے دوران آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے پولیس شہدا کے لواحقین سےخصوصی ملاقات کی اور شہدا کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پولیس شہدا نے امن کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محکمہ پولیس شہدا کے اہلِ خانہ کی فلاح و بہبود، سہولتوں کی فراہمی اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔ بعد ازاں آئی جی پولیس بلوچستان نے ضلع کیچ میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ قانون کی بالادستی اور شہریوں کو پرامن ماحول فراہم کرنا بلوچستان پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرائم کے خاتمے اور امن و استحکام کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور پولیس فورس جدید تقاضوں کے مطابق اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا رہی ہے۔ انہوں نے افسران اور اہلکاروں کو ہدایت جاری کی کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کو مزید مثر بنایا جائے اور عوام دوست جدید پولیسنگ کے فروغ کے لیے کمیونٹی کے ساتھ رابطوں کو مضبوط کیا جائے تاکہ شہریوں کا پولیس پر اعتماد مزید مستحکم ہو سکے۔ اپنے دورہ تربت کے دوران آئی جی پولیس بلوچستان نے پولیس اسٹیشن سٹی کیچ کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے تھانے کے مختلف شعبوں، ریکارڈ، انتظامی امور اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے تھانے کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو عوامی خدمت کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے دورانِ ڈیوٹی غیر معمولی اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس اہلکاروں میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔ انہوں نے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ خدمات، فرض شناسی اور عوامی تحفظ کے لیے ان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ محنت، دیانت داری اور بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران و اہلکار محکمہ پولیس کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ آئی جی پولیس بلوچستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے بھر میں امن و امان کے قیام، جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے بلوچستان پولیس اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ انجام دیتی رہے گی۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے

error: Content is protected !!