کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے واضح اور دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ پاکستان اپنی سرحدوں کے تقدس پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گا ، خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت جواب دیا جائے گا۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں منعقدہ پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سید عامر رضا نے کہا کہ ملکی سلامتی، وقار اور تحفظ کی بھاری ذمہ داری اب نئے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کے کندھوں پر ہے۔ انہوں نے کیڈٹس پر زور دیا کہ وہ دیانتداری اور جرات کے ساتھ پیشہ ورانہ چیلنجز کا سامنا کریں۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کیڈٹس کی شرکت فخر کا باعث ہے۔ افواج پاکستان نے ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے جسے عالمی سطح پر سراہا گیا ہے ۔ پاک فوج ملک کے چپے چپے کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت مستعد ہے۔
جنرل سید عامر رضا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سرحد پار سے ہونے والی دراندازی کسی بھی صورت قابل برداشت نہیں اور اس حوالے سے کسی بھی خلاف ورزی کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فوری بند ہونی چاہییں۔ مقبوضہ کشمیر کا دیرینہ تنازعہ بھی اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل طلب ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں مختلف کورسز مکمل کرنے والے کیڈٹس کی پروقار پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی، جس میں 154 ویں پی ایم اے لانگ کورس، 39 ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس سمیت 73 ویں انٹیگریٹڈ کورس اور 28 ویں لیڈی کیڈٹ کورس کے کیڈٹس شامل تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق کئی دوست ممالک کے کیڈٹس نے بھی پاکستان ملٹری اکیڈمی سے گریجویشن مکمل کی۔ ان میں بنگلا دیش، عراق، مالدیپ، فلسطین، قطر، سری لنکا، تاجکستان اور یمن کے کیڈٹس شامل تھے۔
کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، پریڈ کا معائنہ کیا اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس میں انعامات تقسیم کیے۔
154 ویں پی ایم اے لانگ کورس کے اکیڈمی سینئر انڈر آفیسر محمد جنید جبار کو ‘اعزازی شمشیر’ جبکہ بٹالین سینئر انڈر آفیسر سید حسن عباس کو ‘صدارتی گولڈ میڈل’ سے نوازا گیا۔
154 ویں پی ایم اے لانگ کورس کے بنگلا دیش کے سینئر انڈر آفیسر ریاض محمود خان کو ‘چیف آف ڈیفنس فورسز اوورسیز گولڈ میڈل’ جبکہ کمپنی اسپورٹس سارجنٹ محمد عبداللہ کو ‘مارکس مین میڈل’ دیا گیا۔
39 ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس کے کورس انڈر آفیسر علی احمد مصطفیٰ کو ‘چیف آف آرمی اسٹاف کین’ (اعزازی چھڑی) دی گئی۔ 73 ویں انٹیگریٹڈ کورس کے کورس انڈر آفیسر محمد حمزہ فیاض اور 28 ویں لیڈی کیڈٹ کورس کی کورس جونیئر انڈر آفیسر مریم طارق کو کمانڈنٹ کی چھڑی سے نوازا گیا۔

