کوئٹہ : وزیرداخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو نے نوشکی میں پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے شہید اہلکاروں کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیو ورکرز کی حفاظت پر مامور اہلکاروں کو نشانہ بنانا بچوں کے محفوظ مستقبل پر حملہ ہے۔میر ضیا اللہ لانگو نے آئی جی پولیس اور ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ سے نوشکی واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ٹیموں اور ان کی سکیورٹی پر مامور اہلکاروں کی خدمات قابلِ قدر ہیں۔ پولیو کے خلاف جنگ دراصل بلوچستان کے بچوں کو محفوظ اور صحت مند مستقبل دینے کی جنگ ہے۔وزیرداخلہ بلوچستان نے کہا کہ پولیو ورکرز اور پولیس اہلکار اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر بچوں کو معذوری سے بچانے کے لیے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ دہشت گرد عناصر بلوچستان کے بچوں کو بیماریوں سے محفوظ بنانے کی کوششوں کو نقصان نہیں پہنچا سکتے۔انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان بچوں کو پولیو سمیت تمام موذی بیماریوں سے محفوظ رکھنے اور انہیں پرامن ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ حکومت شہید اہلکاروں کے اہلخانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

