حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے خلاف جارحانہ کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، حوثی حملوں میں سعودی عرب کے 4 شہر نشانہ بنے، جس کے نتیجے میں 73 شہری زخمی ہوگئے۔
سعودی اتحاد کے ترجمان میجرجنرل ترکی المالکی کےمطابق ابہا،خمیس مشیط، جازان اور نجران میں شہری اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ زخمی ہونے والے 73 شہریوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
میجر جنرل ترکی المالکی کا کہنا ہے کہ حوثیوں کےحملےسعودی عرب کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہیں، جن کا مقصد سعودی عرب کے قومی اثاثوں اور شہری تنصیبات کو نقصان پہنچانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حوثیوں کا یہ طرزِ عمل یمن اور ہمسایہ ممالک میں امن و استحکام کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہا ہے۔

