کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مستونگ، مچھ، خضدار اور پنجگور میں دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور بروقت اقدامات کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان میں 37دہشت گردوں کا خاتمہ بڑی کامیابی ہے۔ دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف مثر کارروائیوں سے امن دشمن عناصر کی صلاحیتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں قوم کے عزم کی عکاس ہیں۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔ دہشت گرد عناصر کو بلوچستان کے عوام کی زندگیوں اور ترقی کے عمل میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور موثر اقدامات جاری رہیں گے۔ بلوچستان میں پائیدار امن صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریاستی ادارے قوم کے تعاون سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رکھیں گے اور صوبے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

