جمعرات, اگست 13, 2026
ہوماہم خبریںبلوچستان کی خبریںبلوچستان کے نوجوان ملک کے سفیر ہیں، طلبہ ریاست مخالف پروپیگنڈے سے...

بلوچستان کے نوجوان ملک کے سفیر ہیں، طلبہ ریاست مخالف پروپیگنڈے سے چوکنا رہیں، پاکستان تاقیامت قائم رہے گا، سرفراز بگٹی

کوئٹہ(این این آئی) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مختلف صوبوں کی جامعات میں اسکالرشپ پر اعلیٰ تعلیم کے لیے منتخب بلوچستان کے طلبہ و طالبات سے ملاقات کی، جس کے دوران ترقیاتی منصوبوں، گورننس، تعلیم اور دیگر اہم امور پر تفصیلی مکالمہ ہوا۔ اس موقع پر طلبہ و طالبات نے وزیراعلیٰ سے مختلف امور سے متعلق سوالات بھی کیے اور وزیراعلیٰ نے تفصیلی جوابات دیے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے مختلف اضلاع سے طلبہ و طالبات کا میرٹ پر اعلیٰ تعلیم کے لیے انتخاب ان کے روشن تعلیمی مستقبل کی ضمانت ہے۔ اسکالرشپ کے لیے منتخب ہونے والے بیشتر طلبہ و طالبات کا تعلق غریب اور متوسط طبقے سے ہے اور ان کے لیے ملک کی اعلیٰ جامعات میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع ایک اہم پیش رفت ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی اعلیٰ جامعات میں بلوچستان کے نوجوانوں کا مختلف شعبوں میں تعلیم حاصل کرنا باعثِ مسرت ہے۔ حکومت پنجاب کی جانب سے بلوچستان کے طلبہ کو جامعات میں داخلے کے ساتھ ٹیوشن اور ہاسٹل فیس کی مد میں معاونت فراہم کرنا قابلِ تحسین اقدام ہے، جس پر اہلیانِ بلوچستان کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ میر سرفراز بگٹی نے طلبہ و طالبات پر زور دیا کہ وہ دیگر صوبوں کی جامعات میں تعلیم حاصل کرتے ہوئے نظم و ضبط، محنت اور میرٹ کو اپنا شعار بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان جہاں بھی جائیں، اپنی صلاحیتوں اور مثبت کردار سے پاکستانیت کا پرچار کریں، کیونکہ وہ بلوچستان اور پاکستان کے سفیر ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ طلبہ کسی بھی ریاست مخالف تنظیم یا منفی پروپیگنڈے کا حصہ نہ بنیں اور حصولِ تعلیم کے ذریعے اپنے والدین کی توقعات پر پورا اتریں۔ انہوں نے کہا کہ تصور اور حقائق میں فرق ہوتا ہے، ریاست مخالف عناصر غیر متوازن ترقی کے نام پر نوجوانوں کی منفی ذہن سازی کی کوشش کرتے ہیں، اس لیے طلبہ کو ایسے عناصر سے چوکنا رہنے کی ضرورت ہے انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ہمیشہ قائم رہنے کے لیے بنا ہے اور تاقیامت قائم رہے گا۔ پاکستان کو تقسیم کرنے کا خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان پاکستان کے مستقبل کے معمار ہیں اور انہیں اپنی توانائیاں تعلیم، تحقیق، ہنر اور ملک و صوبے کی ترقی کے لیے بروئے کار لانی چاہئیں۔وزیراعلیٰ نے طلبہ و طالبات کے ساتھ مکالمے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کے سوالات اور ان کے خیالات کو سننا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ اور باصلاحیت نوجوان ہی بلوچستان کو ترقی، خوشحالی اور استحکام کی راہ پر گامزن کرنے میں کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن صالح بلوچ بھی موجود تھے

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے

error: Content is protected !!