اسلام آباد: پاکستان کی آبادی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جبکہ حکومت کی جانب سے آبادی روکنے کے اقدامات ناکافی ثابت ہو رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق پاکستان کی آبادی میں تیزی سے اضافہ ہورہاہے، پاکستان میں آبادی میں اضافے کی سالانہ شرح 2.55 فیصد ہے، اور اس وقت ملک کی کل آبادی 25 کروڑ 72 لاکھ کے لگ بھگ ہو چکی ہے۔
شرح پیدائش کے لحاظ سے پاکستان جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ شرح پیدائش والا ملک ہے جبکہ وسائل تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے تناسب سے کم پڑ رہے ہیں جس سے معاشی و سماجی مسائل جنم لے رہے ہیں اور حکومت آبادی کنٹرول کے حوالے سے ناکام نظر آتی ہے۔
حکومتی اقدامات، آبادی کنٹرول کے صوبائی محکموں کی حالت انتہائی ناگفتہ بہ ہے اور ناکافی سہولیات ہیں، ذرائع کے مطابق پنجاب میں محکمہ بہبود آبادی کو انتظامی اور ملازمین کے انضمام کے حوالے سے شدید چیلنجز کا سامنا ہے۔

