انقرہ: ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے نیٹو سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اتحاد کے تمام رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ باہمی یکجہتی کو برقرار رکھیں، کیونکہ مضبوط اتحاد ہی اجتماعی سلامتی کی بنیاد ہے۔
صدر اردوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ نیٹو اتحادیوں کے درمیان مکمل ہم آہنگی اور تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کے مطابق یورپ اور بحرِ اوقیانوس کے دونوں جانب موجود اتحادی ممالک کے تعلقات کو نقصان پہنچانے والی کسی بھی بات سے گریز کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اتحاد کا براہِ راست تعلق سلامتی سے ہے، اس لیے ہمیں ہر ایسے اختلاف سے بچنا ہوگا جو نیٹو کے اندر تقسیم یا کمزوری پیدا کرے۔
ترک صدر نے امید ظاہر کی کہ انقرہ میں ہونے والا نیٹو سربراہی اجلاس عالمی امن، استحکام اور رکن ممالک کے درمیان مزید تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
اجلاس کے دوسرے روز صدر اردوان اور نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک روٹے نے مختلف ممالک کے سربراہان اور وفود کا خیرمقدم کیا۔
عالمی رہنما اجلاس میں شرکت کے لیے پہنچے تو ان کا استقبال کیا گیا، جس کے بعد روایتی مصافحے اور گروپ تصاویر کا سلسلہ بھی جاری رہا۔
نیٹو اجلاس میں اتحاد کو درپیش خطرات، عالمی سلامتی، یوکرین کی صورتحال اور مستقبل کی دفاعی حکمت عملی سمیت متعدد اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔
ترک ایوانِ صدر کے مطابق صدر اردوان اجلاس کے موقع پر کئی عالمی رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں علاقائی سلامتی، دفاعی تعاون اور باہمی تعلقات پر گفتگو متوقع ہے۔
واضح رہے کہ ترکیہ 1952 سے نیٹو کا رکن ہے اور گزشتہ سات دہائیوں سے اتحاد کا ایک اہم حصہ چلا آ رہا ہے۔

