اتوار, جولائی 5, 2026
ہوماہم خبریںبلوچستان کی خبریںتیسری بلوچستان ہیلتھ کانفرنس: بلوچستان میں صحت کے نظام میں جامع اصلاحات،...

تیسری بلوچستان ہیلتھ کانفرنس: بلوچستان میں صحت کے نظام میں جامع اصلاحات، تمام اضلاع میں ڈائلیسس اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی، غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، بخت محمد کاکڑ

کوئٹہ: صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں صحت کے نظام کی بہتری کے لیے جامع اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں اور گزشتہ 18 ماہ کے دوران شعبۂ صحت میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔

کوئٹہ میں تیسری بلوچستان ہیلتھ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں بلوچستان میں صحت کی سہولیات کا شدید فقدان تھا، تاہم موجودہ حکومت نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے وژن کے تحت صحت کے شعبے کی بہتری کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے، جس کے نتیجے میں صوبہ آج ایک بہتر ہیلتھ سسٹم کی جانب گامزن ہے۔

وزیر صحت نے کہا کہ صوبے کے ہیلتھ سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ڈیجیٹلائزیشن کا عمل جاری ہے، جبکہ ادویات کی فراہمی کو بھی ٹریک کیا جا رہا ہے تاکہ وسائل کے شفاف اور مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کے وژن کے تحت مہنگی ادویات بھی مریضوں کو مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔ اسی طرح تمام اضلاع میں ڈائلیسس کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ ہارٹ ایمرجنسی کے مریضوں کو ضلعی سطح پر علاج کی سہولت بھی مہیا کی جائے گی۔

بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ سول اسپتال کوئٹہ سمیت دیگر سرکاری اسپتالوں کی اپ گریڈیشن کا عمل جاری ہے اور ایم آر آئی سمیت جدید طبی سہولیات بھی عوام کو فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ بروقت اور معیاری علاج یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور غفلت یا بروقت علاج نہ ملنے کے باعث قیمتی جانوں کا ضیاع ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

وزیر صحت نے خبردار کیا کہ غفلت برتنے والے متعلقہ افسران اور عملے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جبکہ ڈیوٹی سے غیر حاضر ڈاکٹرز کے خلاف بیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹرانسفر اور پوسٹنگ کے نظام میں شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیو سمیت دیگر بیماریوں کے خاتمے کے لیے کوششیں مزید تیز کی جائیں گی اور اگر یہی رفتار برقرار رہی تو بلوچستان کا ہیلتھ کیئر سسٹم ملک کے بہترین ہیلتھ سسٹمز میں شامل ہو سکتا ہے۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے