قلعہ عبداللہ: ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے کلی بدوان میں فائرنگ کے ایک واقعے میں چار افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ واقعے کے بعد لواحقین نے میتوں کے ہمراہ احتجاج کرتے ہوئے کوئٹہ۔چمن شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بلاک کر دی۔
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ آج علی الصبح پیش آیا، جس میں کمانڈر عبیداللہ، ایمل، شاہد اور ضیاء الرحمان موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں واقعے کا پس منظر دیرینہ قبائلی دشمنی بتایا جا رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق مقتولین کی کاکوزئی قوم کے ساتھ پرانی دشمنی چلی آ رہی تھی، جس کے نتیجے میں اس سے قبل محمد حنیف عرف دادا، عبدالقدوس، مطیع اللہ اور ثناء اللہ بھی جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ تاہم پولیس نے واقعے کی حتمی وجہ سے متعلق باضابطہ طور پر کچھ نہیں کہا۔
واقعے کے فوراً بعد لواحقین نے میتوں کے ہمراہ شدید احتجاج کرتے ہوئے کوئٹہ۔چمن شاہراہ کو ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا، جس کے باعث دونوں جانب گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
پولیس اور ضلعی انتظامیہ مظاہرین سے مذاکرات کے ذریعے شاہراہ کھلوانے کی کوششوں میں مصروف ہیں، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

