کوئٹہ:صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاءاللہ لانگو نے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان کا قیام، منشیات کا خاتمہ اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، امن و امان برقرار رکھنے کے حوالے سے کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع قلعہ عبداللہ میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی انجینئر زمرک خان اچکزئی، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات، آئی جی جیل خانہ جات، ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ، ڈی پی او پشین خلیل بگٹی سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ضلع قلعہ عبداللہ میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ متعلقہ حکام نے علاقے میں امن و امان سے متعلق اقدامات اور درپیش مسائل پر بریفنگ دی۔صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاءاللہ لانگو نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ امن و امان کی بہتری، جرائم کی روک تھام اور منشیات کے خاتمے کے لیے مو¿ثر اقدامات یقینی بنائے جائیں تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

