تہران: ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ امریکا کے ساتھ ایک فریم ورک پر پہنچ گئے ہیں تاہم کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ امریکا اور ایران کے درمیان معاہدہ بالکل قریب ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کے خاتمے کے لیے ایران مذاکرات کر رہا ہے تاہم ایران اس وقت جوہری معاملے پر بات چیت نہیں کر رہا۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایک فریم ورک پر پہنچ گئے ہیں لیکن ابھی کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ امریکا اور ایران کے درمیان معاہدہ بالکل قریب ہے جبکہ پاکستان وفد بھیجنے کا فی الحال کوئی منصوبہ نہیں ہے۔
اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز کا انتظام ساحلی ممالک کا حق ہے اور ممکنہ ایم او یو (معاہدے) میں آبنائے ہرمز کے انتظام کے بارے میں کوئی خاص تفصیلات شامل نہیں ہیں۔
انہوں نےکہاکہ ایران آبنائے ہرمز پر ٹول نہیں لے گالیکن خدمات کی فراہمی کی فیس (سروس چارجز ) لینا عام بات ہے، اسےٹول نہیں کہاجاناچاہیے۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے کہا کہ لبنان سمیت تمام محاذوں پر جنگ کا خاتمہ ممکنہ معاہدے کا حصہ ہوگا۔

