پنجگور کے علاقے گوارگو فتح علی میں نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے ایک گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے گاڑی کو نشانہ بنا کر اچانک فائرنگ کی، جس کے باعث گاڑی میں سوار متعدد افراد شدید زخمی ہوئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
اطلاعات کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر قریبی طبی مراکز منتقل کردیا گیا، تاہم تاحال جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد جمع کرنا شروع کردیئے ہیں، جبکہ حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔

