بدھ, مئی 13, 2026
ہوماہم خبریںبلوچستان کی خبریںمستونگ: بنیادی صحت سہولیات کا فقدان، مریض کو گدے پر ہسپتال منتقل...

مستونگ: بنیادی صحت سہولیات کا فقدان، مریض کو گدے پر ہسپتال منتقل کرنے کا افسوسناک واقعہ

مستونگ میں بنیادی صحت سہولیات کی عدم دستیابی ایک بار پھر کھل کر سامنے آ گئی، جہاں ایک بیمار شخص کو علاج کے لیے گدے پر اٹھا کر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ یہ افسوسناک منظر شہید نواب غوث بخش میموریل ہسپتال میں دیکھنے میں آیا، جس نے محکمہ صحت کی کارکردگی پر کئی سوالات کھڑے کر دیے۔

ذرائع کے مطابق ایک بے بس خاتون اپنے بیمار شوہر کو مناسب سہولیات نہ ہونے کے باعث گدے پر ہسپتال لانے پر مجبور ہوئی۔ واقعے کی تصاویر اور مناظر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عوامی حلقوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ مستونگ کے عوام آج بھی بنیادی طبی سہولیات سے محروم ہیں جبکہ منتخب نمائندے صرف دعوؤں اور وعدوں تک محدود دکھائی دیتے ہیں۔ عوام کے مطابق اگر مریضوں کو ہسپتال منتقل کرنے کے لیے ایمبولینس اور اسٹریچر جیسی بنیادی سہولتیں بھی میسر نہ ہوں تو ترقیاتی دعوے بے معنی محسوس ہوتے ہیں۔

عوامی حلقوں نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مستونگ کے سرکاری ہسپتالوں میں فوری طور پر ایمبولینس، اسٹریچر، ادویات اور دیگر بنیادی طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ غریب مریضوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ آخر کب تک عوام اسی طرح بنیادی سہولیات سے محروم رہیں گے اور انہیں صحت جیسی بنیادی سہولت باعزت انداز میں کب میسر آئے گی؟

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے