منگل, اپریل 21, 2026
ہوماہم خبریںبین الاقوامی خبریں’اسرائیل سے معاہدہ معطل کیا جائے‘، اسپین، آئرلینڈ اور سلووینیا کا یورپی...

’اسرائیل سے معاہدہ معطل کیا جائے‘، اسپین، آئرلینڈ اور سلووینیا کا یورپی یونین سے مشترکہ مطالبہ

سلووینیا، اسپین اور آئرلینڈ نے یورپی یونین پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ اپنے معاہدے (ایسوسی ایشن ٹریٹی) کی معطلی پر غور کرے۔

یہ مطالبہ یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے اجلاس سے قبل سامنے آیا، جو لگسمبرگ میں منعقد ہو رہا ہے۔

ہسپانوی وزیر خارجہ حوزے مینوئیل البرس نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ان تینوں ممالک نے مشترکہ طور پر یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کاجا کالاس کو خط ارسال کیا ہے۔

اس خط میں یورپی یونین سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے اپنی پالیسی کا فوری جائزہ لے اور موجودہ صورتحال کے تناظر میں عملی اقدامات کرے۔

رپورٹ کے مطابق اس مطالبے کی ایک بڑی وجہ لبنان میں جاری کشیدگی اور اسرائیل کی جانب سے حال ہی میں منظور کیا گیا ایک متنازع قانون ہے، جس کے تحت اسرائیلی فوجی عدالتوں سے سزا پانے والے فلسطینیوں کو پھانسی دی جا سکتی ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ خطے کی موجودہ صورتحال اور انسانی حقوق کے خدشات کے پیش نظر یورپی یونین کو اپنی پالیسی پر نظرثانی کرنی چاہیے اور اسرائیل کے ساتھ معاہدے کی معطلی سمیت ممکنہ اقدامات پر غور کرنا چاہیے۔

یورپی یونین کے اندر اس معاملے پر اختلاف رائے پایا جاتا ہے، تاہم اسپین، سلووینیا اور آئرلینڈ کی جانب سے مشترکہ اقدام نے اس بحث کو مزید تیز کر دیا ہے کہ آیا اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو موجودہ حالات میں اسی سطح پر برقرار رکھا جائے یا نہیں۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے