کوئٹہ:پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی سابق صوبائی وزیر میر حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ ہم نے ہمیشہ اپنے حلقے سمیت بلوچستان کے لوگوں کی بھر پور انداز میں مدد کی ہے اور سیاست کو عبادت سمجھ کر کرتے ہیں پیپلزپارٹی اپنے لوگوں، ورکروں اور جیالوں کو مشکل حالات میں کبھی بھی تنہا نہیں چھوڑتی ان کا ہر موقع پر ساتھ دیتی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقے سے تعلق رکھنے والے اقبال نیچاری، امداد علی نیچاری اور محمد اقبال بلوچ کی جانب سے گزشتہ دنوں ان کے 3 ساتھیوں محمد یاسر، محمد شاہزیب اور نور اللہ کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کے حوالے سے ان کی رہائی کے لئے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی روز اول سے یہی کوشش رہی ہے کہ عوام کی مشکلات کم کرنے کے لئے اپنا کلیدی کردار ادا کریں تاکہ لوگوں کی مشکلات کم سے کم ہو ہم نے ہمیشہ سیاست کو عبادت سمجھ کر کیا ہے اور کرتے رہیں گے تھری ایم پی او کے تحت گرفتار ہونے والے تین افراد کو رہا کرادیا گیا ہے اس طرح عوام کی خدمت کرتے رہیں گے اس موقع پر اقبال نیچاری، امداد علی نیچاری اور محمد اقبال بلوچ نے حاجی علی مدد جتک کا ان کے گرفتار ساتھیوں کی رہائی دلانے پرشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ اپنے حلقے اور بلوچستان کے لوگوں کی خدمت کو تعصب سے بالاتر ہوکر نبھایا ہے جس پر ہم ان کے مشکور ہیں۔