تربت : ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) آواران ملیشیاء کی انٹیلی جنس کی بنیاد پر بالگتر میں بڑی کارروائی، دورانِ چیکنگ زمیاد گاڑی سے 138 کلو گرام آئس، 29 کلو گرام ہیروئن اور 11 کلو گرام افیون برآمد، ملزمان گرفتار
ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) آواران ملیشیاء نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر بالگتر کے علاقے میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک مشکوک زمیاد گاڑی کو ناکہ بندی کے دوران روکا۔ گاڑی کی تفصیلی تلاشی کے دوران 138 کلو گرام آئس، 29 کلو گرام ہیروئن اور 11 کلو گرام افیون برآمد کی گئی، جس کی کل مالیت تقریباً 17 کروڑ 43 لاکھ روپے بتائی جارہی ہے۔
برآمد شدہ منشیات کو تحویل میں لے کر گاڑی میں موجود ایک مرد، ایک خاتون اور تین بچوں کو، جو خود کو فیملی ظاہر کر رہے تھے، موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ بعد ازاں گرفتار ملزمان اور ضبط شدہ منشیات کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی نارکوٹکس فورس (ANF) کے حوالے کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ جنوبی بلوچستان کو منشیات سے پاک کرنے کے عزم کے ساتھ زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) منظم منشیات کے نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے بھرپور اور مؤثر کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔

