کوئٹہ:نیشنل انڈسٹریل ریلیشن کمیشن (NIRC) کے جج عبدالغنی مینگل نے توہین عدالت کیس میں پی آئی اے کے تین اعلی افسران کو چھ، چھ ماہ قید اور پچاس پچاس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنادی۔تفصیلات کے مطابق، عدالت نے پی آئی اے کے ڈپٹی سی او اسلام آباد خرم مشتاق، چیف ہیومن ریسورس عطر حسین، اور کوئٹہ کے جنرل منیجر صادق لودھی کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دیتے ہوئے یہ فیصلہ سنایا۔ مقدمہ ان 16 ملازمین کی بحالی کے کیس سے متعلق تھا جنہیں این آئی آر سی نے بحال کیا تھا، مگر عدالت کے احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے اور شوکاز نوٹسز کے باوجود جواب نہ دینے پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔معزز جج نے پولیس کو فوری طور پر ان افسران کی گرفتاری کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ناقابل برداشت ہے۔ملازمین کی جانب سے کیس کی پیروی ممتاز و معروف قانون دان اعظم جان زرکون نے کی۔