پنجاب: فوڈ ڈیپارٹمنٹ کی کارروائی متنازع، جعلی دودھ کی نشاندہی کرنے والا شہری ہی گرفتار
پنجاب میں فوڈ ڈیپارٹمنٹ کی کارروائی اس وقت سوالات کی زد میں آگئی جب جعلی دودھ کی نشاندہی کرنے والے شہری کو انعام دینے کے بجائے ایف آئی آر میں نامزد کرکے جیل بھیج دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق شہری نے علاقے میں سپلائی ہونے والے مبینہ جعلی دودھ کی اطلاع متعلقہ حکام کو دی تھی، جس پر کارروائی کرتے ہوئے دودھ کی بڑی مقدار قبضے میں لی گئی۔
تاہم حیران کن طور پر بعد ازاں اسی شہری کو مقدمے میں شامل کر کے گرفتار کر لیا گیا۔ معاملے نے اس وقت مزید سنسنی اختیار کر لی جب معلوم ہوا کہ گرفتار شہری کی رہائی بھی اسی شخص کی کوششوں سے عمل میں آئی جس کے مبینہ جعلی دودھ کی نشاندہی کی گئی تھی۔
واقعے کے بعد شہری حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ اگر نشاندہی کرنے والوں کے ساتھ یہی سلوک ہوگا تو آئندہ کون غیر قانونی سرگرمیوں کی اطلاع دینے کی ہمت کرے گا؟
متعلقہ حکام کی جانب سے تاحال اس معاملے پر باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔

