شہبازشریف دورہ آسٹریا کے باعث بنگلادیش نہیں جا سکیں گے، ترجمان دفترخارجہ
پاکستان کو بنگلادیش کے نئے وزیراعظم کی تقرب حلف برداری کی دعوت موصول ہوگئی۔ دفتر خارجہ نے بنگلادیش سے دعوت ملنے کی تصدیق کر دی تاہم شہبازشریف دورہ آسٹریا کے باعث بنگلادیش نہیں جا سکیں گے۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق وزیراعظم پاکستان کو بنگلادیش کے نئے وزیراعظم کی حلف برداری میں آنے کا دعوت نامہ موصول ہوا ہے ۔ وزیراعظم شہبازشریف پہلے سے طے شدہ دورے پر آسٹریا جا چکے ۔ بنگلادیشی ہم منصب کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہیں کر سکیں گے ۔ تقریب حلف برداری میں نمائندگی کا فیصلہ ہوتے ہی آگاہ کر دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بھی تقریب حلف برداری میں شریک نہیں ہوں گے ۔ بھارتی لوک سبھا کے اسپیکر تقریب حلف برداری کیلئے بنگلادیش جائیں گے۔
دوسری جانب الیکشن جیتنے کے بعد بی این پی کے سربراہ طارق رحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئےکہا کہ عوام کے سامنے جوابدہ پارلیمان اور حکومت کو دوبارہ قائم کیا جارہا ہے،یہ فتح بنگلہ دیش کی فتح ہے، یہ جمہوریت کی کامیابی ہے۔
طارق رحمان نے مزید کہا کہ ہماری حکومت پورے ملک میں بہتر امن و امان کو یقینی بنائے گی،دوبارہ آمریت کا راستہ روکنے کیلئے ہمیں متحد رہنا ہوگا،ہمارےخیالات مختلف ہو سکتے ہیں،ملک کےمفاد میں متحد رہنا ہوگا، قومی اتحاد ہماری اجتماعی طاقت ہے اور تفرقہ کمزوری ہے۔

