دالبندین ۔
گرینڈ الائنس ضلع چاغی کا مطالبات کے حق میں احتجاجی ریلی سینکڑوں کی تعداد میں ملازمین کی شرکت ۔
گرینڈ الائنس کے مرکزی کال پر صوبے کے دیگر اضلاع کی طرح ضلع چاغی میں بھی ضلعی صدر خلیفہ نذیر ہیجباڑی کی قیادت میں ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی یہ ریلی بوائز ہائی اسکول شہید فرحان جان دالبندین سے برآمد ہوئی اور مختلف شاہراہوں پر گشت کرنے کے بعد بازار چوک پر اختتام پذیر ہوئی اس دوران شرکاء کے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز تھے جن پر 30 فیصد ڈی آر اے اور دیگر مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے ریلی میں ضلع بھر کے سرکاری محکموں کے ملازمین کے علاؤہ محکمہ صحت کے فیمیل ہیلتھ ورکرز بھی شامل تھے احتجاجی ریلی کے شرکاء سے گرینڈ الائنس کے ضلعی صدر خلیفہ نذیر ہیجباڑی ، پیرامیڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر ڈاکٹر الہیٰ بخش سمالانی ، سیسا رخشان ڈویژن کے آرگنائزر نذر حسین سمالانی ، بلوچستان پیرا ویٹرنری ایسوسی ایشن رخشان ڈویژن کے صدر ڈاکٹر محمد اشرف حسن زئی، ایپکا کے ضلعی صدر محمد عمران بڑیچ ، جی ٹی اے بی آئینی کے ضلعی صدر عطاء اللہ سیاہ پاد ، جی ٹی اے بی کے سینئر رہنماء قاری عبد القدوس بدوزئی سمیت دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 30 فیصد ڈی آر اے کا مطالبہ ایک جائز مطالبہ ہے وفاقی حکومت نے گذشتہ بجٹ میں ملک بھر کے ملازمین کو بڑھتی ہوئی مہنگائی کے سبب 30 فیصد ڈی آر اے دینے کا اعلان کر دیا مگر اس معاملے میں صوبائی حکومت لیے و لعل سے کام لے کر لاکھوں ملازمین کا استحصال کر رہی ہے کبھی کابینہ اجلاس کبھی وزراء کی غیر موجودگی کا بہانہ بنا کر ملازمین کو ٹرخایا جا رہا ہے ہم اپنے مؤقف سے ایک قدم بھی پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں 30 فیصد ڈی آر اے کا حصول ہمارا قانونی حق ہے صوبائی حکومت اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کی ہٹ دھرمی ملازم دشمنی کے مترادف ہے جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں آج پورے بلوچستان کے ملازمین موجودہ صوبائی حکومت کی ملازم دشمن پالیسیوں کے خلاف سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں ہم اپنے جائر حقوق کے لیے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہیں اور کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور گرینڈ الائنس کی مرکزی کال پر کوئیٹہ میں وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ کا گھیراؤ کر کے اپنے جائز مطالبات تسلیم کرکے دم لیں گے
مقررین نے محکمہ صحت اور تعلیم میں کنٹریکٹ بیس پر بھرتی کرنے کے عمل کو واپس لینے کا مطالبہ کر دیا اسٹیج سیکرٹری کے فرائض فیض اللہ عابد نے سر انجام دیئے گرینڈ الائنس کے احتجاجی ریلی میں دالبندین کے علاؤہ دیگر سرکلز سے بھی ملازمین نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ مرکزی کال پر مطالبات کے حق میں احتجاجی تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔

