کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ہےکہ سندھ اسمبلی کئی بار کہہ چکی کہ سندھ کی تقسیم قبول نہیں اور مرتے دم تک یہی کہے گی۔
سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ اسمبلی نے ہی فیصلہ کرنا ہے اور سندھ اسمبلی اپنا حتمی فیصلہ دے چکی ہے، پنجاب میں بھی وہی بات کر رہے ہیں جو سندھ میں کر رہے ہیں، اگر پنجاب کی اسمبلی کہتی ہے کہ انہیں صوبے قبول نہیں تو ہمیں بھی قبول نہیں جب کہ سندھ اسمبلی کئی بار کہہ چکی کہ سندھ کی تقسیم قبول نہیں، مرتےدم تک یہی کہےگی۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری لاجک کی بات کرتے ہیں، اگر کسی نے کوئی بحث کرنی ہے تو پارلیمنٹ میں کریں، سڑک اور ٹاک شوز پر نہیں، فیصلہ تو پارلیمنٹ نے کرنا ہے، قانون سڑکوں اور ٹاک شوز میں نہیں بنتا۔
سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان سے لوگ علاج کیلئے سندھ میں آتے ہیں، دنیا کی تاریخ میں کوئی سب سے بڑا رہائشی منصوبہ ہے تو وہ سندھ حکومت بنا رہی ہے، کراچی کی تباہی ایم کیوایم اور بانی ایم کیوایم نے کی، اگر انہوں نے سچ میں کراچی کی خدمت کی ہوتی تو یہ چور دروازے سے نہ آتے۔

