جمعہ, نومبر 6, 2026
ہوماہم خبریںبلوچستان کی خبریںگیس کے غلط اور بھاری بھرکم بلوں نے عوام کی کمر توڑ...

گیس کے غلط اور بھاری بھرکم بلوں نے عوام کی کمر توڑ دی، سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری

کو ئٹہ/اسلام آباد: چیئرپرسن سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے بلوچستان، بالخصوص کوئٹہ کے شہریوں کو گیس کے بھاری بھرکم بلوں کی وصولی پر شدید تشویش اور مذمت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی اور معاشی مشکلات سے دوچار عوام پر گیس کے غیر معمولی بلوں کا اضافی بوجھ ڈالنا انتہائی افسوسناک اور ناقابل قبول ہے۔ کم یونٹس استعمال کرنے والے غریب صارفین کو بھی ہزاروں روپے کے بل موصول ہو رہے ہیں، جبکہ بعض شہریوں کو لاکھوں روپے کے بل بھیجنا عوام کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام پہلے ہی شدید سرد موسم، بے روزگاری اور مہنگائی جیسے مسائل سے دوچار ہیں، ایسے حالات میں گیس کے بھاری بلوں نے غریب اور متوسط طبقے کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔ گیس کمپنی کو عوام کی مالی استطاعت اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی پالیسیوں اور بلنگ کے نظام پر نظرثانی کرنی چاہیے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے گیس کمپنی کے حکام کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہوش کے ناخن لیں اور اپنا قبلہ درست کریں۔ عوام کو غیر حقیقی اور غیر معمولی بل بھیجنے کے بجائے گیس کے حقیقی استعمال کے مطابق درست اور شفاف بلنگ کا نظام یقینی بنایا جائے۔ صارفین سے صرف اتنے ہی یونٹس کے چارجز وصول کیے جائیں جتنی گیس انہوں نے حقیقتاً استعمال کی ہو، جبکہ غیر معمولی بلوں کی فوری جانچ پڑتال کرکے ان کی اصلاح کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سردیوں کے موسم میں گیس کی لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کے باعث شہری پہلے ہی شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ ایسے میں گیس کی مسلسل اور بلا تعطل فراہمی کے بغیر بھاری بھرکم بل وصول کرنا عوام کے ساتھ دوہرا ظلم ہے۔ آخر غریب شہری اس شدید سردی میں گیس کے بغیر اپنی زندگی کیسے گزاریں گے؟ بچوں، بزرگوں اور خواتین کو سرد موسم میں بنیادی سہولت سے محروم رکھنا کسی صورت مناسب نہیں ۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں گیس کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے، گیس پریشر بہتر بنایا جائے، سردیوں کے دوران بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے اور تمام صارفین کو ان کے حقیقی استعمال کے مطابق درست بل ارسال کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے، نہ کہ ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کرنا۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کے جائز حقوق کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے۔ گیس کمپنی عوامی شکایات کا فوری نوٹس لے اور ایسے اقدامات کرے جن سے بلوچستان کے شہریوں کو سردیوں میں مناسب گیس بھی میسر ہو اور وہ غیر منصفانہ بلوں کے معاشی بوجھ سے بھی محفوظ رہ سکیں۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے

error: Content is protected !!