چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہےکہ بلوچستان کے عوام کا امن، خوش حالی اور فلاح و بہبود ریاستی کوششوں کا مرکزی محور ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نےکوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا۔ کوئٹہ آمد پر چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال کور کمانڈر کوئٹہ نے کیا۔ فیلڈ مارشل نے فیلڈ فارمیشنز کےکمانڈرز اور کمانڈنگ افسران سے ملاقات کی۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل کو بلوچستان کی موجودہ سکیورٹی صورت حال، آپریشنل تیاریوں اور صوبے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے جاری اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر ادارہ جاتی رابطہ کاری اور بلوچستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے معاونت سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
فیلڈ مارشل نے فوجی جوانوں کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیت، آپریشنل تیاری اور بے لوث عزم کو سراہا۔ فیلڈ مارشل نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر ریاستی اداروں کے درمیان مسلسل رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل نےکہا بلوچستان کے عوام کا امن، خوش حالی اور فلاح و بہبود ریاستی کوششوں کا مرکزی محور ہے۔ مستحکم اور محفوظ ماحول صوبے میں ترقیاتی منصوبوں، مستحکم و محفوظ ماحول اور صوبے میں معاشی مواقع کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوتا رہےگا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر فیلڈ مارشل نے شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے افسروں اور جوانوں کی اپنے فرائض کی ادائیگی میں ثابت قدمی اور لگن کو سراہا۔

