کوئٹہ : وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی خصوصی ہدایت پر شہر میں تجاوزات کے خلاف جاری کریک ڈان میں مزید تیزی آگئی۔میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی جانب سے موتی رام روڈ، قندھاری بازار، توغی روڈ اور لیاقت بازار سمیت مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کی گئی۔کارروائی کے دوران دکانوں کے سامنے فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر رکھے گئے سامان، عارضی تجاوزات اور اضافی تعمیرات کو فوری طور پر ہٹا دیا گیا جبکہ بعض غیر قانونی تعمیرات کو مسمار بھی کر دیا گیا۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے عملے نے دکانداروں کو واضح ہدایت کی کہ وہ اپنی دکانوں کی مقررہ حدود کے اندر ہی سامان رکھیں اور فٹ پاتھ یا سڑک پر کسی قسم کی تجاوزات قائم کرنے سے گریز کریں۔اس موقع پر انتظامیہ کی جانب سے دکانداروں کو تنبیہ کی گئی کہ شہر میں ٹریفک کی روانی، پیدل چلنے والوں کی سہولت اور شہری نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کے لیے تجاوزات کے خلاف کارروائی بلاامتیاز جاری رہے گی، لہذا دکاندار ازخود اپنی تجاوزات ختم کریں ۔میٹروپولیٹن کارپوریشن کے حکام نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے انتظامیہ اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ حکام کا کہنا تھا کہ صاف، منظم اور تجاوزات سے پاک کوئٹہ کی تشکیل صرف انتظامیہ کی نہیں بلکہ تمام شہریوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا اور عوامی گزرگاہوں، فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر غیر قانونی قبضے یا تجاوزات کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔

