پیر, اگست 17, 2026
ہوماہم خبریںبلوچستان کی خبریںبلوچستان کے لوگ ملکی معاشی ترقی کے ضامن،یہ محبت، اخوت اور بھائی...

بلوچستان کے لوگ ملکی معاشی ترقی کے ضامن،یہ محبت، اخوت اور بھائی چارے پر یقین رکھنے والے دین دار اور اسلام پسند لوگ ہیں، ان سے کسی کو خطرہ نہیں ہونا چاہیے، مولانا عبدالواسع

کوئٹہ +کراچی(این این آئی)جمعیت علماءاسلام بلوچستان کے صوبائی امیر و سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ بلوچستان کے لوگ ملک کی معاشی اور کاروباری ترقی کے ضامن ہیں، یہ محبت، اخوت اور بھائی چارے پر یقین رکھنے والے دین دار اور اسلام پسند لوگ ہیں، ان سے کسی کو خطرہ نہیں ہونا چاہیے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کراچی نے ہمیشہ تمام اقوام کو اپنے سینے میں جگہ دے کر خود کو حقیقی معنوں میں منی پاکستان ثابت کیا ہے، اس شہر کی ترقی اور خوشحالی میں ملک کے مختلف علاقوں سے آنے والے تاجروں، مزدوروں اور کاروباری افراد کا اہم کردار ہے، اس لیے کسی بھی طبقے کو بلاوجہ ہراساں یا مشکلات سے دوچار کرنا مناسب نہیں۔ سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا کہ کراچی میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ہوٹل مالکان اور تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے جمعیت علما اسلام نے اپنا کردار ادا کیا ہے اور اس سلسلے میں سندھ حکومت کے ذمہ داران سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ہوٹل مالکان اور تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے یقین دہانی کرائی ہے اور امید ہے کہ حکومت عملی اقدامات کے ذریعے اس معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم قانون، آئین، مکالمے اور باہمی احترام کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتے ہیں، کسی بھی معاملے کو لسانی یا سیاسی کشیدگی کی طرف لے جانا کسی کے مفاد میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے پشتون تاجر اور ہوٹل مالکان کراچی کی معیشت میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں، ان کے جائز کاروباری حقوق اور عزت و وقار کا تحفظ حکومت اور تمام متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔ سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا کہ جمعیت علماءاسلام مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر جائز مسئلے کے حل کے لیے اپنی آواز بلند کرتی رہے گی، ہماری کوشش ہے کہ موجودہ صورتحال کا مستقل اور قابلِ عمل حل نکالا جائے تاکہ تاجر برادری اطمینان کے ساتھ اپنے کاروبار جاری رکھ سکے اور کراچی میں محبت، اخوت اور بھائی چارے کی فضا مزید مضبوط ہو۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے

error: Content is protected !!