اسپیشل برانچ کو سرکاری محکموں کی حاضریوں کی نگرانی کا اختیار دینے کا فیصلہ
ذرائع کے مطابق حکومت نے اسپیشل برانچ پولیس کو تمام سول سرکاری محکموں میں افسران اور عملے کی حاضریوں کی نگرانی کا اختیار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس فیصلے کے تحت صحت، تعلیم، بی اینڈ آر، میونسپل کارپوریشن، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، ایریگیشن، فشریز اور زراعت سمیت دیگر تمام محکمے دائرہ کار میں شامل ہوں گے۔
اسپیشل برانچ روزانہ کی بنیاد پر متعلقہ محکموں کے افسران و ملازمین کی حاضری چیک کرے گی، جس میں ایکسین، ایم ایس، ڈی ایچ اوز، ڈی ڈی اوز، ایس ڈی اوز، فیلڈ افسران، فیلڈ سپروائزرز اور نچلے درجے کا عملہ بھی شامل ہوگا۔
ذرائع کے مطابق اسپیشل برانچ روزانہ کی حاضری رپورٹ مرتب کرکے وزیراعلیٰ بلوچستان کو پیش کرے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد سرکاری محکموں میں نظم و ضبط بہتر بنانا، غیر حاضری کی روک تھام اور عوامی خدمات کی فراہمی کو مؤثر بنانا ہے۔

