تربت:جامعہ تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کی جانب سے یونیورسٹی کے حالیہ اہم دورے اور طلبہ و یونیورسٹی کے لئے متعدد اہم تعلیمی اعلانات پر حکومت بلوچستان اور بالخصوص وزیراعلی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔ وائس چانسلر نے وزیراعلی کے ہمراہ یونیورسٹی آمد اور یونیورسٹی کی ترقی میں خصوصی دلچسپی لینے پر صوبائی وزرا میر ظہور احمد بلیدی، میر ضیا اللہ لانگو، میر شعیب نوشیروانی، سلیم کھوسہ، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر، آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر، کمشنر مکران ڈاکٹر طفیل احمد، ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی، ایس پی کیچ کیپٹن زوہیب محسن، ایس پی تمپ محمد عارف بلوچ اور دیگر صوبائی و ضلعی اعلی حکام کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔ اپنے پیغام میں وائس چانسلر نے امید ظاہر کی ہے کہ اس اہم دورے کے جامعہ تربت کی تعلیمی پیشرفت پر دور رس اور مثبت نتائج برآمد ہوں گے، جبکہ وزیراعلی کی جانب سے کیے گئے اعلانات اور یونیورسٹی کی جانب سے پیش کردہ گزارشات پر عملدرآمد سے خطے میں تعلیمی و تحقیقی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ ترجمان جامعہ تربت کے مطابق وائس چانسلر نے وزیراعلی بلوچستان کے اقدامات کو تعلیم دوستی کا منہ بولتا ثبوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ طلبہ کے ساتھ براہ راست فکری مکالمے نے ناصرف فیکلٹی اور طلبہ کا مورال بلند کیا ہے، بلکہ مکران کے نوجوانوں میں اعلی تعلیم، سائنسی تحقیق اور قومی دھارے میں شمولیت کا نیا جذبہ بیدار کیا ہے۔ واضح رہے کہ 26نومبر 2026کو وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے جامعہ تربت کی فیکلٹی آف لا کا دورہ کیا تھا، جہاں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر کمال احمد، فیکلٹی ممبران اور انتظامی افسران نے معزز مہمانوں کا پرجوش استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیراعلی بلوچستان نے جامعہ تربت ترقی اور طلبہ کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد اہم اعلانات کیے، جن میں آئندہ مالی سال کے بجٹ میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) لیب کے لیے درکار فنڈز کی فراہمی، جدید سائنسی تحقیق کے لیے مالیکیولر لیب کا قیام، طالبات کے لیے 50 اسکوٹیز، طلبا و طالبات کے لئے گرین و پنک بس سروس کا باقاعدہ آغاز، تقریب میں موجود تمام طلبا کے لیے سرکاری اخراجات پر مری و اسلام آباد کے مطالعاتی دورے اور شعبہ لا کی طالبات کو درپیش انٹرن شپ مسائل پر موقع پر ہی مالی معاونت و انٹرن شپ کی فراہمی کے احکامات سمیت دیگر تعلیمی سہولیات شامل ہیں۔ وائس چانسلر نے صوبے میں جامعات کی سالانہ گرانٹ کو ساڑھے دو ارب روپے سے بڑھا کر 10 ارب روپے کرنے پر وزیراعلی کو خراج تحسین پیش کیا اور اعلی تعلیم کوجدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اس گرانٹ میں اضافے کرنے کی درخواست کی۔انہوں نے جامعات کے فنڈنگ فارمولے کی ازسرنو ترتیب اور نئی تعیناتیوں و پروموشن پر عائدپابندیوں کے خاتمے کی اپیل بھی کی تاکہ جامعہ تربت سمیت چھوٹی اور ابھرتی ہوئی جامعات کواپنے تعلیمی و تحقیقی معیار کو مزید بلند کرنے کا موقع مل سکے۔ اپنے پیغام میں پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یونیورسٹی انتظامیہ ان تمام اعلانات کو نتیجہ خیز بنانے اور صوبے میں تعلیمی ترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے صوبائی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔

