کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے حکومت صوبے کے عوام کے تعاون سے سرمایہ کاروں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ بلوچستان صرف قدرتی وسائل سے مالا مال نہیں بلکہ یہاں کے عوام مہمان نوازی، رواداری اور اپنے وعدوں کی پاسداری کی ایک شاندار روایت رکھتے ہیں۔ ریکوڈک منصوبے سے وابستہ بیرک کمپنی کی واپسی کے وقت ایک دہائی سے زائد عرصے تک خالی رہنے والے اس کے کیمپ سے ایک ٹی شرٹ یا چائے کا کپ تک غائب نہیں ہوا تھا، یہ بلوچستان کے عوام کے کردار اور ثقافت کی ایک واضح مثال ہے۔ حکومت معدنی راہداری سمیت پورے صوبے میں سرمایہ کاروں کو مکمل سیکیورٹی، ون ونڈو آپریشن اور تمام ضروری سہولیات فراہم کرے گی جبکہ ریڈ ٹیپ ازم کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ریکوڈک کے حوالے سے سوالات کا جواب دینے سے پہلے وہ دنیا کو بلوچستان کے عوام اور ان کی ثقافت کے بارے میں ایک خوبصورت کہانی بتانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب بیرک کمپنی چند سال قبل ریکوڈک منصوبے سے الگ ہوئی تو ایک دہائی سے زیادہ عرصے تک اس کا کیمپ خالی پڑا رہا اور وہاں کوئی سیکیورٹی گارڈ بھی تعینات نہیں تھا، لیکن جب کمپنی دس سال بعد واپس آئی تو کیمپ سے ایک ٹی شرٹ تک چوری نہیں ہوئی تھی اور نہ ہی چائے کا ایک کپ غائب تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہی بلوچستان ہے اور یہی یہاں کے عوام کی روایات، ثقافت اور مہمان نوازی کا حقیقی عکس ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ جب سرمایہ کاری اور سیکیورٹی کی بات ہوتی ہے تو سب سے پہلے عوام اہمیت رکھتے ہیں۔ بلوچستان کے عوام ملکی اور بین الاقوامی شراکت داروں کا خیرمقدم کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ سرمایہ کار صوبے میں آئیں اور یہاں دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ حکومت کی پالیسی بھی یہی ہے کہ مقامی آبادی کو ساتھ ملا کر، ان کے دل اور ذہن جیت کر سرمایہ کاروں اور شراکت داروں کے لیے ایک محفوظ اور سازگار ماحول بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتیں پوری طرح پرعزم ہیں جبکہ سیکیورٹی اداروں کے پاس مطلوبہ صلاحیت اور استعداد موجود ہے۔ معدنی راہداری کے تحفظ کے لیے ایک علیحدہ سیکیورٹی ڈویژن قائم کیا گیا ہے جبکہ فرنٹیئر کور کا نیا ونگ بھی تشکیل دیا جا رہا ہے تاکہ صوبے بھر بالخصوص معدنی راہداری میں سرمایہ کاروں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جا سکے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کے نزدیک بلوچستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اصل چیلنج سیکیورٹی سے زیادہ صوبے کے بارے میں پائے جانے والے منفی تاثر اور زمینی حقائق کے درمیان فرق ہے، کیونکہ منفی تاثر ہمیشہ حقیقت کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے پھیلتا ہے۔ بلوچستان کے بارے میں ذرائع ابلاغ پر دکھائے جانے والے مناظر پورے صوبے کی حقیقی تصویر پیش نہیں کرتے۔ بلوچستان ایک مختلف خطہ ہے، یہاں کے عوام سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار صوبے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ میر سرفراز بگٹی نے ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت ان کے تحفظ اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کی ذمہ داری پوری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان معدنیات، تیل اور گیس سمیت قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور صوبے کی زیر زمین معدنی دولت میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ریکوڈک منصوبہ اس حوالے سے ایک نمایاں مثال ہے جو 2029 تک شروع ہونے کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے علاقے سرونہ سے بھی آئندہ چند ماہ میں تیل اور گیس کے ذخائر کے حوالے سے اچھی خبریں متوقع ہیں۔ وہاں موجود ذخائر کے بارے میں دستیاب معلومات کے مطابق ان کی مقدار سوئی کے تاریخی گیس ذخائر سے بھی زیادہ ہے، جنہوں نے سات دہائیوں سے زائد عرصے تک پاکستان کی توانائی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت وفاقی حکومت کے تعاون سے سوئی میں فرٹیلائزر سٹی کے قیام کی منصوبہ بندی کر رہی ہے، کیونکہ علاقے میں کم بی ٹی یو گیس موجود ہے جسے صنعتی اور زرعی شعبے کے لیے م¶ثر انداز میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ سرمایہ کاروں کو اس منصوبے سمیت دیگر صنعتی و معدنی منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نہ صرف سیکیورٹی بلکہ سرمایہ کاروں کی ضروریات کے مطابق تمام شہری اور بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائے گی۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سرمایہ کاروں کا پہلا تقاضا تحفظ اور سرمایہ کاری کے لیے یقین دہانی ہے، جس کی ضمانت وہ صوبائی حکومت، وفاقی حکومت اور بلوچستان کے عوام کی جانب سے دیتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان میں سرمایہ کاروں کو سرخ فیتے کی رکاوٹوں کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا بلکہ ون ونڈو آپریشن کے ذریعے تمام ضروری امور کو سہل بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں معدنیات سے متعلق قانون سازی بھی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت ہے۔ صوبائی اسمبلی نے مائنز اینڈ منرلز ایکٹ تمام سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے منظور کیا ہے اور اسے پاکستان کے مجموعی قانونی و پالیسی فریم ورک سے ہم آہنگ رکھا گیا ہے۔ اس قانون سازی کا مقصد معدنی شعبے میں شفافیت، سہولت اور سرمایہ کاری کے لیے ایک واضح نظام فراہم کرنا ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ بلوچستان کو محض خبروں اور منفی تاثر کی بنیاد پر نہ دیکھیں بلکہ خود صوبے کا دورہ کریں، یہاں کے عوام سے ملیں اور دستیاب سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان سرمایہ کاروں کے ساتھ محض انتظامی سطح پر نہیں بلکہ ایک حقیقی شراکت دار کے طور پر کام کرنا چاہتی ہے تاکہ صوبے کے قدرتی وسائل کو بروئے کار لا کر معاشی سرگرمیوں، روزگار اور ترقی کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔

